جھاڑیوں سے خاتون کا کٹا ہوا پاوں دستیاب۔تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع میں سنسنی خیز واقعہ

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ رنگاریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم میں پیش آنے والے ایک عجیب و غریب اور خوفناک واقعہ پیش آیا۔ گاندھی نگر کالونی کے گھروں کے درمیان موجود جھاڑیوں میں کسی نامعلوم خاتون کا کٹا ہوا پاوں ملنے سے مقامی افراد خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے۔
اس پاوں کے ملنے کے کچھ ہی دیر بعد قریب ہی ایک پالتو کتے کی مشکوک حالات میں موت نے اس واقعے کو مزید پراسرار بنا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل (17 نومبر) کی شام گاندھی نگر کالونی کی ایک خاتون جب اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے باہر نکل رہی تھیں تو انہوں نے قریب ہی جھاڑیوں میں کوئی سرخ چیز پڑی دیکھی۔
قریب جا کر معائنہ کرنے پر انہیں معلوم ہوا کہ وہ کسی انسان کا کٹا ہوا پاوں ہے۔ انہوں نے فوری طور پر مقامی لوگوں اور پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ عینی شاہدین کے مطابق وہ پاوں کسی حد تک جلا ہوا تھا اور اس کا گوشت ہٹ جانے کی وجہ سے ہڈی باہر نظر آ رہی تھی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ صبح جب اس جگہ کچرا پھینکا گیا تھا تو وہاں ایسا کوئی نشان نہیں تھا۔دوسری جانب اسی علاقے کے قریب ایک پالتو کتے کی بھی مشکوک حالت میں موت ہو گئی۔ یہ شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ آیا کتے کے اس کٹے ہوئے پاؤں کو چھونے یا کھانے سے کتے پر کوئی زہریلا اثر ہوا ہے؟
البتہ کتے کی موت اور انسانی ٹانگ کے درمیان کوئی تعلق ہے یا نہیں اس کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔اطلاع ملتے ہی ابراہیم پٹنم پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ اطراف کے علاقوں میں تلاشی لی گئی۔
ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا کہ یہ کٹا ہوا پاوں شادی شدہ خاتون کا ہے۔ پولیس اس زاویے سے تفتیش کر رہی ہے کہ آیا آوارہ کتے قریبی قبرستان یا شمشان گھاٹ سے کسی نعش کا پاؤں نوچ کر اٹھا لائے ہیں یا پھر کسی نے قتل کرنے کے بعد ثبوت
مٹانے کے لیے خاتون کی نعش کے ٹکڑے کر کے اسے جلا کر یہاں پھینک دیا گیا ہے۔

