نیشنل

بنگال میں یوگی ماڈل کی انٹری – غیر قانونی تعمیرات کے نام پر بلڈوزر ایکشن شروع

کولکتہ –  مغربی بنگال میں نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے ایک ہفتے کے اندر ہی اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے ماڈل پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ غیر قانونی تعمیرات کے نام پر کارروائی کرتے ہوئے بلڈوزرس میدان میں اتار دیے گئے ہیں۔

 

اطلاعات کے مطابق سلی گوڑی میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کو بلڈوزرس کے ذریعہ منہدم کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے۔

 

راجو بستا، رکن پارلیمنٹ دارجلنگ نے بھی اس کارروائی کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے تقریباً دو درجن بلڈوزرس اتر پردیش حکومت سے مغربی بنگال منگوائے جا رہے ہیں۔

 

غیر قانونی تعمیرات کے مسئلے پر جمعرات کو سلی گوڑی میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ، پولیس کمشنر، ایس پی اور دیگر ضلعی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے، غیر قانونی تعمیرات ہٹانے، منشیات کی روک تھام، غیر قانونی شراب اور بار شاپس کے خلاف کارروائی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجو بستا نے کہا کہ سلی گوڑی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات قائم ہوگئی ہیں اور انہیں ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہدامی کارروائیوں کے لیے اتر پردیش سے بلڈوزرس منگوائے جا رہے ہیں۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں سلی گوڑی میونسپلٹی کے عوامی نمائندے اور عہدیدار مکمل طور پر ناکام رہے ہیں، اور جلد ہی ان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

 

راجو بستا نے کہا کہ سلی گوڑی میں سرکاری اراضی، تالابوں اور دیگر آبی ذخائر پر ہونے والے تمام قبضوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button