نیشنل

بہار ایس آئی آر معاملہ: فارم 6 میں تبدیلیوں پر سپریم کورٹ الیکشن کمیشن پر برہم

نئی دہلی : بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ نئے ووٹروں کے اندراج کے لیے استعمال ہونے والے فارم 6 میں کسی بھی ترمیم کو اس نے منظوری نہیں دی تھی۔ عدالت نے کہا کہ بہار ایس آئی آر سے متعلق فیصلہ سناتے وقت نئے فارم 6 کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

 

چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے الیکشن کمیشن کے اس بیان پر اعتراض کیا کہ نئے فارم میں شامل ڈیکلریشن کو سپریم کورٹ کی منظوری حاصل ہے۔ عدالت نے کہا کہ جب متعلقہ ریکارڈ اس کے سامنے پیش کیا جائے گا تو وہ اس بات کا جائزہ لے گی کہ یہ تبدیلیاں کس نے کی ہیں اور اس سلسلے میں مناسب کارروائی کی جائے گی۔

 

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے قانونی ضوابط میں ترمیم کئے بغیر فارم 6 میں تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کمیشن نے 26 ستمبر کو یہ غلط بیان جاری کیا کہ نئے فارم کو سپریم کورٹ کی منظوری حاصل ہے، تاکہ عوام کو اس بات پر یقین دلایا جاسکے۔ وکیل نے ووٹروں کے اندراج کے عمل میں الیکشن کمیشن کے یکطرفہ فیصلوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی اپیل کی۔

 

اس معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے مذکورہ ریمارکس کئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button