نیشنل

موسلا دھار بارش کے دوران پونے میں ہمہ منزلہ عمارت منہدم ، 16 افراد ملبہ کے نیچے دب گئے

ممبئی: مہاراشٹر کے ضلع پونے کے پمپری-چنچواڑ علاقے میں ایک ہمہ منزلہ عمارت منہدم ہو گئی جس کے ملبے تلے کم از کم 16 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

یہ اطلاع مقامی حکام نے دی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور دیگر ہنگامی امدادی اداروں کی ٹیمیں موشی علاقے میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں،جبکہ زخمیوں اور ملبے سے نکالے گئے افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے ایمبولینسیں بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔

 

سینئر پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے حکام کے مطابق وہ موقع پر پہنچ چکے ہیں اور عمارت کے اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کی حتمی تعداد کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ عمارت موشی کچرا ڈپو کے قریب واقع تھی۔

 

شدید بارش کے باعث کچرے کا ایک بڑا ڈھیر عمارت پر آ گرا جس کے نتیجے میں عمارت منہدم ہو گئی۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔دوسری جانب پونے شہر، اس کے مضافاتی علاقوں اور پمپری-چنچواڑ میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

 

نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر طویل ٹریفک جام دیکھنے میں آ رہا ہے۔پمپری-چنچواڑ کے صنعتی اور رہائشی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث شہریوں اور ملازمت پیشہ

 

افراد کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button