ریاض ایئرپورٹ حملے میں جاں بحق کاماریڈی کے نوجوان کے خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ،متوفی کی اہلیہ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کی اپیل، سی ایم پرجاوانی میں یادداشت پیش

ریاض ایئرپورٹ ڈرون حملے میں جاں بحق کاماریڈی کے نوجوان کے خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ،متوفی کی اہلیہ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کی اپیل، سی ایم پرجاوانی میں یادداشت پیش
کاماریڈی، 29/ نومبر (سید کوثر علی کی رپورٹ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے کاماریڈی کے نوجوان کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متوفی کی اہلیہ نے تلنگانہ کے چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی سے اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 10 اکتوبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے کئے گئے ڈرون حملے میں کاماریڈی ضلع مرکز سے تعلق رکھنے والے شیخ سید (40) شدید زخمی ہوگئے تھے،
جنہیں علاج کے دوران 3 نومبر کو موت واقع ہوگئی۔ وہ ریاض ایئرپورٹ پر اسٹاربکس کمپنی میں ملازم تھے۔ افراد خاندان کی رضامندی سے 4 نومبر کو ریاض ہی میں ان کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔ اس سلسلہ میں متوفی کی اہلیہ عشرت بیگم نے 27 نومبر کو حیدرآباد کے بیگم پیٹ میں واقع پرجا بھون میں منعقدہ ’سی ایم پرجاوانی‘ پروگرام میں چیف منسٹر اور این آر آئی امور کے وزیر اے۔ ریونت ریڈی کے نام ایک یادداشت پیش کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے کے ذریعہ سعودی عرب حکومت، متعلقہ محکمہ جات اور کمپنی انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے سماجی بیمہ ادارہ (GOSI) کے ذریعہ ملنے والے موت کے معاوضہ، انشورنس فوائد اور دیگر مستحق مالی مراعات بھی متوفی کے خاندان کو فراہم کرنے کی انہوں نے حکومت سے اپیل کی۔
“متوفی کے خاندان کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا تیقن”
سعودی عرب میں پیش آئے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کے اہلِ خانہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا تیقن دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سی ایم پرواسی عوامی شکایات مرکز کی انچارج اور ریاستی منصوبہ بندی بورڈ کی وائس چیئرپرسن گدّام وجئے لکشمی اور تلنگانہ حکومت کی این آر آئی اڈوائزری کمیٹی کے وائس چیئرمین بھیم ریڈی سے متوفی کی اہلیہ عشرت بیگم اور رشتہ دار شیخ رحمان نے ملاقات کرتے ہوئے انصاف دلانے اور ضروری تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔ ان کی درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گدّام وجئے لکشمی نے این آر آئی شعبہ کے عہدیداروں سے بات چیت کرنے اور ریاستی حکومت کی جانب سے ضروری مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا۔
متوفی کے خاندان میں 61 سالہ ضعیف والدہ شمیم بیگم، 34 سالہ اہلیہ عشرت بیگم، 11 سالہ دختر عالیہ محمد، 7 سالہ دختر زارا فاطمہ اور ایک سالہ فرزند شیخ زیان محی الدین شامل ہیں۔ بتایا گیا کہ متوفی گزشتہ 13 برسوں سے سعودی عرب میں ملازمت کر رہے تھے۔ اسی واقعہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد یوسف علی بھی جاں بحق ہوئے۔ اس موقع پر سی ایم پرواسی عوامی شکایات مرکز کے رضاکار گنگولا مرلی دھر ریڈی، کریم پاشا رانی اور دیگر موجود تھے۔



