پاکستان کی حمایت میں سوشل میڈیا پوسٹ۔ کرناٹک کی طالبہ کے خلاف مقدمہ درج

نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران کرناٹک میں ایک میڈیکل کالج کی اسٹوڈنیٹ کے خلاف سوشل میڈیا پر پاکستان کی حمایت میں پوسٹ کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس نے جمعہ
کے روز یہ اطلاع دی۔ اس سوشل میڈیا پوسٹ پر ہندو تنظیموں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا جس کے بعد پولیس نے BNS 152 اور 197(3)(5) دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کیا۔
متعلقہ اسٹوڈینٹ کی شناخت تساود فاروقی شیخ کے طور پر ہوئی ہے، جو وجئے پورہ میں واقع "الامین میڈیکل کالج” کی طالبہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ فی الوقت ممبئی میں موجود ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد ہندو تنظیموں نے سخت احتجاج کیا، جس کے پیشِ نظر وجئے پورہ پولیس نے ازخود کیس درج کیا۔
پولیس کے مطابق، طالبہ نے اپنے سوشل میڈیا پر پاکستانی جھنڈے کے ساتھ ایک پیغام پوسٹ کیا تھا ۔طالبہ نے یہی پیغام اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر بھی لگایا۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد، طالبہ نے معافی مانگتے ہوئے ایک پوسٹ میں
کہا:”میں ان تمام لوگوں سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں میری حرکت سے تکلیف پہنچی۔ میں بھارتی شہری ہوں، اپنے وطن سے محبت کرتی ہوں، یہ میری مادرِ وطن ہے۔ میں بھارت میں پیدا ہوئی ہوں۔ ایسی بات کہنا
ناسمجھی تھی۔ آئندہ ایسی حرکت نہیں کروں گی۔ میں سب سے معافی مانگتی ہوں۔ جے ہند۔”پولیس نے بتایا کہ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔