ہندوستان بھر میں عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

نئی دہلی: ہندوستان بھر میں عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے، مسلمانوں نے سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کیا اور ربِّ کائنات کی بارگاہ میں شکرانہ پیش کیا۔
تلنگانہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔
علی الصبح ہی عیدگاہوں اور مساجد میں نماز کے لیے مصلیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں، لاکھوں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔عید کے موقع پر مسلمان بھائیوں نے صاف ستھرے اور نئے ملبوسات زیب تن کیے نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد گلے
مل کر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور محبت و بھائی چارے کا پیغام عام کیا۔ دعاؤں میں امن، صحت، روزگار، بارش اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی التجائیں کی گئیں۔
قربانی کے بعد گوشت مستحقین، رشتہ داروں اور ہمسایوں میں تقسیم کیا گیا۔انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی بندوبست، صفائی اور ٹریفک کنٹرول کے مؤثر انتظامات کیے گئے ۔