کرناٹک اسمبلی میں جشن اردو کی تجویز پر تنازعہ – بی جے پی اور کنڑ حامی تنظیموں کی مخالفت

بنگلورو: کرناٹک اسمبلی کے احاطے میں جشن اردو منعقد کرنے کی تجویز پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ بی جے پی کے ساتھ ساتھ کنڑ حامی تنظیمیں بھی اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔ تاہم کانگریس حکومت نے ودھان سودھا کے احاطہ میں زبانوں کے جشن منعقد کرنے کے خیال کی حمایت کی ہے۔
وزیر یو ٹی قادر نے جمعرات کو بتایا کہ ان کی حکومت نے 9 ستمبر کو اردو یوم کے موقع پر اسمبلی کے احاطے میں اردو جشن منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد زبان اور ثقافت کے بارے میں عوام میں مزید شعور پیدا کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام کا مقصد کسی بھی قسم کا تنازعہ پیدا کرنا نہیں ہے۔
وزیر یو ٹی قادر نے بتایا کہ سالانہ اردو ادبی ایوارڈ پہلے ایک ہال میں دیا جاتا تھا، تاہم انہوں نے اس تقریب کو کھلی جگہ پر منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیر نے کہا کہ اس تجویز کی مخالفت کرنے والے شاید اس پروگرام کے مقصد یا زبان کو سمجھ نہیں سکے ہیں۔
تاہم وزیر یو ٹی قادر نے کہا کہ اگر اسمبلی کے احاطے میں پروگرام منعقد کرنے سے کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو حکومت مقام تبدیل کرنے کی تجویز پر دوبارہ غور کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ لینے سے پہلے حکومت تمام طبقات سے مشاورت کرے گی
۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ مقام کسی وقار یا عزت کا مسئلہ نہیں ہے۔ وزیر نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ کانگریس حکومت اقلیتی عوام کو خوش کرنے کے لئے اس طرح کے پروگرام منعقد کر رہی ہے۔




