آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ،اعظم پورہ،حیدرآبادمیں 3،اکتوبر کو مفت ہیئرنگ اسکریننگ کیمپ

آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ،اعظم پورہ،حیدرآبادمیں 3،اکتوبر کو مفت ہیئرنگ اسکریننگ کیمپ
بچوں اور بالغوں کے لیے سماعت کے مختلف ٹیسٹ، مشاورت اور ضرورت مندوں کو مفت ہیئرنگ ایڈز کی فراہمی
جماعت اسلامی ہند،عظیم تر حیدرآباد کے زیر اہتمام چلائے جانے والے ادارہ آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ (IICD)، اعظم پورہ، حیدرآباد کے زیر اہتمام 3،اکتوبر 2026 بروز ھفتہ کو صبح ساڑھے نوبجے (9:30am)سے سہ پہرساڑھے تین بجے(3:30pm) تک مفت ہیئرنگ اسکریننگ کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ کیمپ میں بچوں اور بالغوں کی سماعت کی جانچ کی سہولت رہے گی، جبکہ سماعت سے متعلق مختلف مسائل میں مبتلا افراد کو ماہرین کی جانب سے ضروری رہنمائی اور مشاورت بھی فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کی صدارت آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ کے صدر ڈاکٹر محمدمبشر احمد کریں گے، جبکہ چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن، حیدرآباد کی سب انسپکٹر محترمہ آئی۔کلپنا اوراسپائر گروپ، یو اے ای کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد مبین شریف مہمانان خصوصی ہوں گے۔آئی آئی سی ڈی کے سکریٹری ایس۔ایم۔ نوید الرحمٰن نے بتایا کہ اس مفت کیمپ کا مقصد سماعت کے مسائل کی بروقت تشخیص، مناسب رہنمائی اور ضرورت مند افراد تک سماعت کی سہولیات پہنچانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں سماعت کی جانچ کے لیے پیور ٹون آڈیومیٹری (PTA)، امپیڈنس آڈیومیٹری/ٹمپنومیٹری، او اے ای (Otoacoustic Emissions) اور بی ای آر اے /اے بی آر جیسے اہم ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ ان تمام ٹیسٹوں کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کیمپ میں سماعت سے متعلق اضافی خدمات بھی مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی، جن میں ہیئرنگ ایڈ ٹرائل، ہیئرنگ ایڈ کونسلنگ، ہیئرنگ ری ہیبلیٹیشن گائیڈنس اور کانوں کی دیکھ بھال و عمومی سماعت سے متعلق مشورے شامل ہیں۔ ماہرین کی جانب سے مریضوں کو ان کی سماعت کی کیفیت کے مطابق آئندہ کے علاج اور ضروری اقدامات کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ایس۔ایم۔ نوید الرحمٰن کے مطابق آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ میں خدمات انجام دینے والے ماہر آڈیولوجسٹس کی ٹیم میں اشیش سمرت (BASLP, M.ASLP)، اتل کمار (BASLP, M.ASLP)، ابھیشیک کمار (BASLP) اور کرشنا کمار (BASLP) شامل ہیں۔ یہ ماہرین کیمپ میں آنے والے افراد کی سماعت کی جانچ کے ساتھ ساتھ ان کی ضرورت کے مطابق مناسب مشاورت اور رہنمائی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہیں ماہرین کی جانچ کے بعد ہیئرنگ ایڈ کی ضرورت محسوس ہوگی، آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ کی جانب سے انہیں ہیئرنگ ایڈ فراہم کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس طرح یہ کیمپ محض سماعت کی تشخیص تک محدود نہیں بلکہ ضرورت مند افراد کو سماعت بہتر بنانے کے لیے عملی معاونت بھی فراہم کرے گا۔منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سماعت میں دشواری، گفتگو سمجھنے میں پریشانی، بار بار دوسروں سے بات دہرانے کی درخواست کرنے، شور یا مختلف مقامات پر سننے میں دشواری، کانوں میں گھنٹی یا بھنبھناہٹ کی آواز اور سماعت میں کمی کے شبہ کی صورت میں اس مفت کیمپ سے استفادہ کریں۔ بچوں میں بھی سماعت سے متعلق کسی قسم کی تشویش کی صورت میں والدین انہیں کیمپ میں لاکر ماہرین سے معائنہ اور ضروری رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ کیمپ آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ، اعظم پورہ، حیدرآباد میں منعقد ہوگا اور تمام متعلقہ خدمات مفت فراہم کی جائیں گی۔مزید تفصیلات کے لئے موبائل نمبر 9014234933پر ربط کیا جاسکتا ہے۔



