شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شراف مشکلات میں ۔مہاراشٹرا فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے جاری کی نوٹس

ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شراف کی مشکلات بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں۔ مہاراشٹرا فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے تینوں کو ’وِمل الائچی‘ کے اشتہار کے معاملے میں شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
ایف ڈی اے کا الزام ہے کہ یہ اشتہار دراصل ’وِمل پان مسالہ‘ کی تشہیر کے لیے سرروگیٹ ایڈورٹائزنگ یعنی بالواسطہ اشتہار ہو سکتا ہے۔ ’وِمل پان مسالہ‘ ریاست میں ممنوع ہے۔ اسی معاملے میں اب تینوں اداکار ایف ڈی اے کی تحقیقات کے دائرے میں آ گئے ہیں اور ان سے اشتہار میں اپنے کردار کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ایف ڈی اے کا ماننا ہے کہ ’وِمل الائچی‘ کا اشتہار ’وِمل پان مسالہ‘ برانڈ کے ساتھ تعلق قائم کرتا ہے اور اسے پان مسالہ برانڈ کی بالواسطہ تشہیر کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ محکمہ گٹکھا اور پان مسالہ، خاص طور پر ان مصنوعات کے خلاف کارروائی تیز کر رہا ہے جن میں تمباکو یا نکوٹین شامل ہوتی ہے۔
ممنوعہ مصنوعات کی تجارت سے وابستہ نیٹ ورکس کے معاملات میں پولیس کے ساتھ مل کر مہاراشٹرا کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (مکوکا) کے تحت بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اسی کارروائی کے دوران تینوں اداکاروں کو نوٹس بھیج کر اشتہار میں ان کے کردار کے بارے میں جواب طلب کیا گیا ہے۔
اجے دیوگن کو جوہو میں واقع ان کے گھر، شاہ رخ خان کو باندرہ میں واقع ’منت‘ اور ٹائیگر شراف کو ان کی پروڈکشن ہاؤس ’ٹائیگر شراف پروڈکشنز ایل ایل پی‘ کے ذریعے نوٹس بھیجا گیا ہے۔ حالانکہ اب تک تینوں اداکاروں کی جانب سے اس معاملے میں کوئی جواب یا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
ایف ڈی اے کی کارروائی کے بعد اب نظر اس بات پر ہے کہ شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شراف اشتہار میں اپنے کردار اور ’وِمل الائچی‘ برانڈ کے حوالے سے کیا وضاحت دیتے ہیں۔



