علی گڑھ میں مسلم نوجوان کو چوری کے شبہ میں ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا

علی گڑھ _ 19 جون ( اردولیکس ڈیسک) اترپردیش کے علی گڑھ شہر کے گاندھی پارک پولیس اسٹیشن کے حدود میں ہجوم نے ایک مسلم نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان دیر رات ایک تاجر کے گھر میں داخل ہوا تھا۔ اس پر چور ہونے کا شک کرتے ہوئے تاجر کے گھر والوں نے اسے شدید مارا پیٹا۔ جب تک پولیس پہنچی نوجوان کی موت ہوچکی تھی۔ نوجوان کو ہاسپٹل لے جایا گیا،
جہاں وہ دم توڑ گیا۔ چہارشنبہ کو گھر والوں نے قتل کا الزام لگاتے ہوئے نوجوان کی نعش کو مامو بھانجا علاقہ میں رکھ کر حملہ آوروں کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔پولیس نے کسی طرح لوگوں کو سمجھایا اور ٹریفک جام کو صاف کروایا۔
بتایا جاتا ہے کہ علی گڑھ سے تعلق رکھنے والا 35 سالہ فرید عرف اورنگزیب 18 جون کی رات دیر گئے ٹیکسٹائل بزنس مین مکیش چندر متل کے گھر میں گھس گیا تھا۔ اس کے گھر والوں نے اسے چور ہونے کا شک کرتے ہوئے پکڑ لیا اور لاٹھیوں سے مارا۔ تاجر نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ اس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور شدید زخمی نوجوان کو اسپتال میں داخل کرایا۔ جہاں علاج کے دوران ان کا انتقال ہوگیا
۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ کے خاندان نے کاروبار سے تعلق رکھنے والے 7 لوگوں کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ اس میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسی دوران قتل کے مقدمہ میں تاجر اور اس کے ارکان خاندان کی گرفتاری سے مقامی لوگوں نے احتجاج کیا۔ انہوں نے بازار بند کر کے پولیس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ چونکہ یہ دو طبقات کا معاملہ ہے، اس لیے موقع پر بھاری پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ مامو بھانجا رادھا موہن مندر کے علاقے میں اس واقعے کے بعد ایک طبقہ کے گھروں میں نقل مکانی کے پوسٹر لگا دیے گئے۔ اس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔ اس سے کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں مکمل امن ہے۔