جنرل نیوز

ایس ڈی پی آئی تلنگانہ میں پارٹی کی توسیع کا سلسلہ جاری، دو دنوں میں تین ضلعی کمیٹیوں کا اعلان

ایس ڈی پی آئی تلنگانہ میں پارٹی کی توسیع کا سلسلہ جاری، دو دنوں میں تین ضلعی کمیٹیوں کا اعلان

 

حیدرآباد، 10 اگست: سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) تلنگانہ نے اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے گزشتہ دو دنوں کے دوران ریاست کے تین اہم اضلاع کی ضلعی کمیٹیوں کا اعلان کیا ہے۔

 

پارٹی کی جانب سے حیدرآباد ضلع کے صدر کے طور پر یونس علی فراز، رنگاریڈی ضلع کے صدر کے طور پر محمد صدام اور میڈچل–ملکاجگیری ضلع کے صدر کے طور پر محمد شفیع کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

 

پارٹی ذرائع کے مطابق ضلعی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کا مقصد عوام کے بنیادی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے سیاسی و جمہوری جدوجہد کو مزید منظم کرنا ہے۔

 

ایس ڈی پی آئی تلنگانہ کی جانب سے آنے والے دنوں میں مزید اضلاع کی ضلعی کمیٹیوں کے اعلان کا سلسلہ جاری رکھنے کا امکان ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ مضبوط ضلعی تنظیموں کے قیام کے ذریعے عوامی مسائل کو سیاسی ایوانوں اور متعلقہ حکام تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے گا اور عوام کے حقوق کے لیے آئینی و جمہوری طریقے سے آواز بلند کی جائے گی۔

 

پارٹی کی جانب سے ضلعی سطح پر نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والے عہدیداران سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ عوام سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے مقامی مسائل کی نشاندہی، ان کے حل کے لیے جدوجہد اور پارٹی کی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button