چوروں سے بچانے زمین میں دفن کئے 5 لاکھ روپے – ایک سال بعد ملے تو دیمک چاٹ چکی تھی پوری دولت
جئے پور – چوروں کے ہاتھوں رقم لٹنے کے خوف سے ایک کسان نے ایک سال قبل 5 لاکھ روپے زمین میں دفن کردیئے۔ تاہم کوئی نشان نہ لگانے کی وجہ سے وہ رقم دفن کرنے کی جگہ بھول گیا۔
گزشتہ ایک سال سے وہ رقم کی تلاش میں تھا۔ حال ہی میں اسے وہ رقم تو مل گئی، لیکن جب امید کے ساتھ تھیلا کھول کر دیکھا تو اس کی خوشی مایوسی میں بدل گئی، کیونکہ دیمک نے تمام نوٹ کھا لیے تھے۔ یہ واقعہ راجستھان میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق راجستھان کے نیوائی گاؤں کے رہنے والے کسان منگی لال نے ایک سال قبل اپنی زمین کا کچھ حصہ 5 لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا۔ وہ اس رقم کو کسی کو بتائے بغیر محفوظ رکھنا چاہتا تھا، اس لیے نوٹوں کو ایک تھیلے میں ڈال کر اپنی زرعی زمین میں دفن کردیا۔
بعد میں وہ رقم چھپانے کی جگہ بھول گیا اور پریشان ہوگیا۔ اس نے یہ بات اپنے اہلِ خانہ کو بتائی، جس کے بعد سب نے مل کر 6 ایکڑ اراضی میں کئی مقامات پر کھدائی کی، لیکن رقم کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
حال ہی میں کھیت میں بیج بونے کے لیے ہل چلانے کے دوران اچانک رقم والا تھیلا برآمد ہوگیا۔ تھیلا ملنے پر منگی لال اور اس کے اہلِ خانہ خوش ہوگئے، لیکن تھیلا کھولتے ہی ان کی خوشی مایوسی میں بدل گئی۔ دیمک نے تھیلے میں موجود نوٹوں کو بری طرح کھا لیا تھا۔
خاندان کے افراد نے معمولی طور پر متاثرہ کچھ نوٹ لے کر مقامی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ سے رجوع ہونے ۔ اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد بینک حکام نے نوٹوں کی حالت دیکھتے ہوئے انہیں قبول کرنے سے انکار کردیا۔ اس پر کسان اور اس کے افراد خاندان مایوس ہوکر واپس لوٹ گئے۔



