بزنس

آر بی آئی کا بڑا منصوبہ: بڑی رقم کی منتقلی سے پہلے کسی قابل اعتماد شخص کی اجازت لازمی ہوگی!

حیدرآباد، 23 نومبر / ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بینک کھاتوں سے ہونے والی آن لائن دھوکہ دہی اور غیر مجاز مالی لین دین کو روکنے کے لیے ایک نیا منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے تحت صارفین کو اپنے بینک کھاتے کے لیے کسی ایک قابل اعتماد شخص (Trusted Person) کو نامزد کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے کا مقصد بڑی رقم کی منتقلی سے قبل ایک اضافی حفاظتی منظوری کو یقینی بنانا ہے۔

کیا ہے ٹرسٹیڈ پرسن میکانزم؟

آر بی آئی کی مجوزہ ہدایات کے مطابق صارف اپنے کسی رشتہ دار، دوست یا دیگر قابل اعتماد بالغ شخص کو نامزد کرسکتا ہے۔ صارف خود طے کرسکے گا کہ کتنی رقم سے زیادہ کے لین دین کے لیے نامزد شخص کی منظوری ضروری ہوگی۔

 

مثال کے طور پر اگر کوئی شخص اپنے بینک کھاتے میں 50 ہزار روپے سے زیادہ کی منتقلی کے لیے منظوری کی شرط رکھتا ہے تو اس حد سے زیادہ رقم بھیجنے پر نامزد شخص کو لین دین کی تفصیلات موصول ہوں گی۔

 

* نامزد شخص کو رقم، وصول کنندہ اور لین دین کی تفصیلات بھیجی جائیں گی۔

* اسے منظوری یا انکار کے لیے ایک گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔

* منظوری نہ ملنے یا مقررہ وقت میں جواب نہ دینے پر لین دین مسترد کردیا جائے گا۔

* اس سہولت کو فعال کرنے سے قبل 24 گھنٹوں کا انتظار کرنا ہوگا۔

* صارف کسی بھی وقت نامزد شخص تبدیل کرنے، رقم کی حد میں تبدیلی یا اس سہولت سے دستبردار ہونے کا اختیار رکھے گا۔

کیا ٹرسٹیڈ پرسن بینک کھاتے کو استعمال کرسکے گا؟

نہیں۔ نامزد شخص کو بینک کھاتے کی رقم، بیلنس، جمع شدہ رقم یا دیگر سرمایہ کاری کی تفصیلات دیکھنے کا اختیار نہیں ہوگا۔ وہ نہ تو کھاتے سے رقم نکال سکے گا اور نہ ہی خود کوئی لین دین کرسکے گا۔ اس کا کردار صرف مخصوص لین دین کی منظوری یا مسترد کرنے تک محدود ہوگا۔

کن لین دین پر یہ پابندی نہیں ہوگی؟

یہ نظام یو پی آئی کے ذریعے ہونے والی ادائیگیوں، دکانوں اور تجارتی اداروں کو کی جانے والی ادائیگیوں اور پہلے سے مقررہ ماہانہ یا بار بار ہونے والی ادائیگیوں پر لاگو نہیں ہوگا۔

صرف ٹرسٹیڈ پرسن ہی نہیں، آر بی آئی کے مزید اقدامات

آر بی آئی نے اس کے ساتھ تین اہم حفاظتی اقدامات بھی تجویز کئے ہیں:

* اسٹاپ سوئچ: صارف کسی بھی مشتبہ صورت حال میں ایک سہولت کے ذریعے اپنے کھاتے سے ہونے والے تمام نئے اخراجی لین دین کو فوری طور پر روک سکے گا۔

* اپنی مرضی سے لین دین کی حد: صارف روزانہ یا کسی مخصوص شخص کو رقم بھیجنے کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرسکے گا۔

* مقررہ اوقات میں پابندی: صارف اپنی مرضی کے مطابق مخصوص اوقات میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو بند رکھ سکے گا۔

کب سے نافذ ہوگا؟

واضح رہے کہ یہ ابھی آر بی آئی کی مجوزہ ہدایات ہیں، حتمی قانون نہیں۔ آر بی آئی نے عوام اور متعلقہ اداروں سے 14 دسمبر 2026 تک تجاویز اور اعتراضات طلب کئے ہیں۔ حتمی منظوری کے بعد ان حفاظتی اقدامات کو یکم جولائی 2027 سے نافذ کرنے کی تجویز ہے، تاہم بینک اس سے قبل بھی ان پر عمل کرسکتے ہیں۔

 

اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ ٹرسٹیڈ پرسن کی سہولت تمام انفرادی بینک صارفین کے لیے رضاکارانہ ہوگی، لازمی نہیں۔ اس کے لیے کھاتہ دار اور نامزد شخص دونوں کی واضح رضامندی ضروری ہوگی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button