تمل ناڈو میں ڈی ایم کے اتحاد کو برتری، وجئے کی پارٹی ابھرتی طاقت بننے کے اشارے

چنئی — تمل ناڈو اسمبلی انتخابات سے قبل جاری ایگزٹ پولس میں زیادہ تر سروے اداروں نے ڈی ایم کے اتحاد کی ایک بار پھر اقتدار میں واپسی کی پیش قیاسی کی ہے، تاہم اداکار وجئے کی قیادت والی تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) پارٹی کے بھی نمایاں کارکردگی دکھانے کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔
پیپلز پلس سروے کے مطابق 234 رکنی اسمبلی میں ڈی ایم کے اتحاد کو 125 تا 145 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں، جبکہ اپوزیشن اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد 65 تا 80 سیٹوں تک محدود رہ سکتا ہے۔ اسی سروے میں وجئے کی ٹی وی کے پارٹی کو 18 تا 24 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو اسے ریاستی سیاست میں ایک اہم طاقت بنا سکتا ہے۔
دوسری جانب میٹرِز سروے کے اندازے کے مطابق ڈی ایم کے اتحاد 122 تا 132 نشستوں کے ساتھ حکومت بنائے گا، جبکہ اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد 87 تا 100 نشستیں حاصل کرسکتا ہے۔ چانکیہ اسٹریٹجیز نے ڈی ایم کے اتحاد کو 145 تا 160 نشستوں کے ساتھ بھاری اکثریت دی ہے، جبکہ اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد کو 50 تا 65 سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اسی طرح وجئے کی ٹی وی کے پارٹی کو مختلف سرویز میں 10 تا 18 نشستیں ملنے کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔
ادھر سی این این-نیوز 18 سروے کے مطابق ووٹ شیئر کے لحاظ سے اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد کو 39.9 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے، جبکہ ڈی ایم کے اتحاد کو 38.9 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔ وجئے کی ٹی وی کے پارٹی 15.8 فیصد ووٹ کے ساتھ نتائج پر اثر انداز ہونے والی اہم قوت کے طور پر سامنے آسکتی ہے۔



