امریکہ کے پاسپورٹ پر ڈونالڈ ٹرمپ کی فوٹو

نئی دہلی: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی حکومت نے ایک اور بڑا اور حیران کن فیصلہ کیا ہے۔ امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ٹرمپ کی تصویر والے امریکی پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔
ابتدائی طور پر مختلف میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ یہ خصوصی پاسپورٹس امریکہ کی 250ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر محدود تعداد میں تیار کیے جائیں گے۔ اب امریکی وزارتِ خارجہ نے اس کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔وزارتِ خارجہ کی ترجمان ٹامی پیگٹ نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کہا کہ جولائی میں امریکہ کے 250 سالہ جشنِ آزادی کی تقریبات ہوں گی اور اس تاریخی موقع کی مناسبت سے
خصوصی ڈیزائن کے حامل امریکی پاسپورٹس جاری کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے جو محدود تعداد میں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان پاسپورٹس کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔یہ معلومات وائٹ ہاؤس نے بھی ایکس پر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی ہے اور اس سے متعلق تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ ان میں ایک تصویر میں آزادی کے اعلان کی
دستاویز پر ٹرمپ کی تصویر اور اس کے نیچے سنہری رنگ میں ان کے دستخط دکھائے گئے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں امریکہ کے بانی رہنماؤں کی تاریخی جھلک موجود ہے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ عام طور پر پاسپورٹس پر تاریخی مقامات، قدرتی مناظر یا قومی علامات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ امریکی پاسپورٹس پر بھی اب تک اسٹیچو آف لبرٹی اور دیگر تاریخی مناظر شامل ہوتے رہے ہیں۔
اس تناظر میں کسی موجودہ صدر کی تصویر والے محدود پاسپورٹس کا اجراء ایک غیر معمولی اقدام سمجھا جا رہا ہے۔اس سے پہلے بھی 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر ٹرمپ کی تصویر والے یادگاری سکوں کی تیاری اور ان کے دستخط والے کرنسی نوٹ جاری کرنے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں
جس سے وہ امریکی کرنسی پر دستخط کرنے والے پہلے صدر کے طور پر تاریخ میں شامل ہو سکتے ہیں۔



