نیشنل

کمر میں رسی، ننگے پاؤں اور جوڑے ہوئے ہاتھ – ٹی ایم سی لیڈر جہانگیر خان کی سڑکوں پر پریڈ

کولکتہ : مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لیڈر جہانگیر خان کو پولیس نے ایک بار پھر عوامی طور پر سڑکوں پر گھما کر جرائم کے مناظر کی تشکیلِ نو کرائی۔ بھتہ خوری اور دیگر سنگین الزامات میں گرفتار جہانگیر خان کو کمر میں رسی باندھ کر، گھٹنوں تک نیکر پہنائے ہوئے سخت سکیورٹی کے درمیان مختلف علاقوں میں لے جایا گیا۔ رواں ماہ گرفتاری کے بعد انہیں تیسری مرتبہ اس انداز میں عوام کے سامنے لایا گیا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ’’فالٹا پشپا‘‘ کے نام سے مشہور جہانگیر خان ننگے پاؤں، ہاتھ جوڑ کر مقامی لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے انہیں مختلف مقامات پر لے جا کر تحقیقات کے سلسلے میں واقعات کی ازسرِ نو تشکیل کرائی۔

 

بھتہ خوری کے الزامات کے تحت 8 جون کو گرفتار کئے گئے جہانگیر خان کو عدالت نے پانچ روزہ پولیس تحویل میں بھیجا تھا۔ انہیں شمالی بنگال کے پانی ٹانکی علاقے سے حراست میں لیا گیا تھا۔ جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے فالٹا اسمبلی حلقے سے حالیہ انتخابات میں وہ ترنمول کانگریس کے امیدوار تھے، تاہم شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 

رواں سال 21 مئی کو ہونے والی ری پولنگ سے قبل ہی جہانگیر خان منظر عام سے غائب ہوگئے تھے۔ ان کے خلاف فالٹا پولیس اسٹیشن میں سات ایف آئی آر درج ہیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے 18 مئی کو انہیں گرفتاری سے عارضی تحفظ فراہم کیا تھا تاکہ وہ انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں، لیکن اگلے ہی دن انہوں نے اچانک انتخابی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

 

بعد ازاں 26 مئی کو ہائی کورٹ نے ان کا عبوری تحفظ منسوخ کر دیا، جس کے بعد پولیس نے ان کی تلاش شروع کی اور بالآخر گرفتار کر لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button