طلبہ پر درج ایف آئی آر ختم کرو، ورنہ ملک گیر احتجاج ہوگا: کاکروچ جنتا پارٹی کی وارننگ

نیٹ احتجاج پر نئی کشیدگی، طلبہ پر درج مقدمات واپس لینے کا مطالبہ، دوبارہ احتجاج کی وارننگ
نیٹ امتحان کے خلاف احتجاج کے دوران طلبہ اور رضاکاروں پر درج ایف آئی آرز فوری طور پر واپس لینے اور گرفتار افراد کو بلا تاخیر رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کاکروچ جنتا پارٹی نے مرکزی حکومت کو سخت انتباہ دیا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے اپنا وعدہ پورا نہ کیا تو ملک بھر میں دوبارہ احتجاج شروع کیا جائے گا۔
سی جے پی کے قومی ترجمان آشوتوش رنکا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر مرکزی وزراء جے پی نڈا اور جتیندر سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت نے احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار، مغربی بنگال اور آسام میں سیکڑوں طلبہ کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ دہلی سمیت دیگر ریاستوں میں رضاکاروں کو نگرانی میں رکھ کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔
آشوتوش رنکا نے حکومت کے سامنے چند مطالبات بھی رکھے۔ انہوں نے طلبہ پر درج تمام ایف آئی آرز فوری طور پر منسوخ کرنے، گرفتار طلبہ اور رضاکاروں کو رہا کرنے اور مقدمات کی واپسی سے متعلق حکومت کے تحریری معاہدے کو عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مرکزی حکومت نے ان مطالبات کو قبول نہ کیا تو سی جے پی دوبارہ ملک گیر احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔



