21سالہ نوجوانوں کو اسمبلی میں موقع دینا تاریخی فیصلہ ہوگا: مکتھل کونسلر اے پاونی
مکتھل: 27 جولائی (اردو لیکس) مکتھل مجلس بلدیہ کے 16ویں وارڈ کی کونسلر اے پاونی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے صدر مہیش کمار گوڑ کی جانب سے 21 سال کی عمر میں نوجوانوں کو قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی فراہم کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے نوجوان قیادت کے فروغ کی سمت ایک مثبت اور تاریخی اقدام قرار دیا۔
اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سیاسی میدان میں آگے لانے کی روایت تلنگانہ کے ریاستی وزیر ڈاکٹر واکیٹی سری ہری نے پہلے ہی قائم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر واکیٹی سری ہری نے نوجوانوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بلدیاتی انتخابات میں مواقع فراہم کیے، جس کے نتیجے میں وہ خود 16ویں وارڈ سے کونسلر منتخب ہوئیں۔
اے پاونی نے کہا کہ نوجوانوں کو قیادت میں آگے بڑھانے اور انہیں عوامی نمائندگی کا موقع فراہم کرنے کے حوالے سے وزیر واکیتی سری ہری کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر 21 سال کی عمر میں نوجوانوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دینے کی تجویز عملی شکل اختیار کرتی ہے تو اس سے ریاست کی سیاست میں نئی سوچ، نئی قیادت اور نوجوانوں کی مؤثر شمولیت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے ریاستی حکومت کی اس سوچ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے اصلاحی اقدامات جاری رہیں گے۔



