ایجوکیشن

تعلیم کے شعبہ میں فضل الرحمن خرم کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ

حیدرآباد ۔ چیرمین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشن فضل الرحمن خرم کو ہفتہ کی رات ریڈ روز پیالیس نامپلی میں منعقدہ کل ہند انداز ہند مشاعرہ کے موقع پر ایوارڈ پیش کیا گیا ۔

 

تعلیم کے شعبہ میں جناب فضل الرحمن خرم کی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات کو بھی تہذیب ادب ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اس کل ہند انداز ہند مشاعرہ کا اہتمام اوور سیز تلنگانہ اسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا جس میں ملک و بیرون ملک کے ممتاز شعرا نے شرکت کی اور سماع باندھ دیا ۔

 

جناب فضل الرحمن خرم نداز ہند مشاعرہ کے کامیاب انعقاد اور ایوارڈ کی پیشکشی کے لئے اوور سیز تلنگانہ اسوسی ایشن بالخصوص تنظیم کے روح رواں جناب عرفان قریشی کا شکریہ ادا کیا ۔ اوور سیز تلنگانہ اسوسی ایشن ریاست سے تعلق رکھنے والے ان افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی ہے جو مختلف ممالک بشمول سعودی عرب ۔ یو اے ای ۔ قطر ۔ امریکہ ۔ آسٹریلیا ۔ کناڈا۔ برطانیہ میں برسرکار ہیں ۔ جناب فضل الرحمن خرم نے اوور سیز تلنگانہ اسوسی ایشن اور عرفان قریشی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں کامیاب مشاعرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حیدرآباد کی ایک گم گشتہ روایت کو زندہ کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد مشاعروں کا شہر کہلاتا تھا جہاں ہر سال تاریخی ادبی ٹرسٹ اور شنکر جی جیسے مشاعرے ہوا کرتے تھے جو اب ناپید ہوچکے ہیں لیکن اب عرفان قریشی اور ان کا ادارہ حیدرآباد میں مشاعرہ کے کلچر کے احیا کیلئے کوشاں ہے اور کامیابی سے گزشتہ تین برسوں سے مشاعروں کا اہتمام کیا جارہا ہے اور اس کے ذریعہ اردو زبان و تہذیب کے احیا کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ اوور سیز تلنگانہ اسوسی ایشن نہ صرف زبان و ادب بلکہ مختلف شعبوں مثلا سماجی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہے اور مختلف میدانوں میں اپنی خدمات کے اَنمٹ نقش چھوڑے ہیں ۔

 

جناب فضل الرحمن خرم نے اوور سیز تلنگانہ اسوسی ایشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح کام کرتی رہے گی اور قوم و ملت کا سرمایہ ثابت ہوگی ۔ عرفان قریشی کی سرپرستی میں اوور سیز تلنگانہ اسوسی ایشن نے قرات کے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا ۔ حال ہی میں وہ جاریہ ایس آئی آر کے عمل میں بھی سرگرم ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں کہ ان کے علاقوں میں کوئی بھی اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ ہو ۔

 

عرفان قریشی طلبا میں تقریری صلاحیتیں پیدا کرنے کے لئے بھی ایک پراجکٹ پر کام کرچکے ہیں ۔ وہ مختلف اسکولس میں طلبا کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button