اسپشل اسٹوری

“20 ہزار کے لئے قبر کھودی”— بینک کی ضد نے بھائی کو انسانیت کی آخری حد پار کروا دی

اوڈیشہ میں ایک نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں ایک قبائلی شخص نے بینک میں جمع مرحوم بہن کی رقم کے لئے اپنی بہن کی قبر کھود کر اس کا ڈھانچہ نکالا اور بینک حکام کے سامنے پیش کر دیا۔

 

تفصیلات کے مطابق ضلع کیونجھر کے دیانالی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ جیتو منڈا اپنی مرحوم بہن کلرا منڈا کے بینک کھاتے سے رقم نکلوانے کے لیے گزشتہ تین ماہ سے مسلسل چکر لگا رہا تھا۔ کلرا منڈا کا اوڈیشہ گرامین بینک کی مالیپوسی شاخ میں کھاتہ تھا، جس میں ان کی وفات (26 جنوری) کے وقت تقریباً 20 ہزار روپے موجود تھے۔

 

جیتو منڈا کا کہنا ہے کہ بارہا درخواست کے باوجود بینک عملہ یہ کہہ کر ٹال مٹول کرتا رہا کہ “کھاتہ دار خود آئے تو ہی رقم دی جا سکتی ہے۔” اس نے بتایا کہ “میں نے کئی بار کہا کہ میری بہن کا انتقال ہو چکا ہے، لیکن کسی نے میری بات نہیں سنی۔ آخرکار مجبور ہو کر میں نے اس کی قبر کھود کر اس کا ڈھانچہ نکالا تاکہ اس کی موت کا ثبوت دے سکوں۔”

 

اس غیر معمولی اقدام سے بینک عملہ حیران رہ گیا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملہ سنبھالا اور جیتو منڈا کو یقین دلایا کہ ضروری کارروائی مکمل کر کے اسے رقم دلوانے میں مدد کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button