پانی پوری کھانے کے بعد 15 بچوں کی طبعیت بگڑ گئی۔ تلنگانہ میں واقعہ

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ ضلع راجنہ سرسلہ میں پانِی پوری کھانے کے بعد پندرہ سے زائد بچے متاثر ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ تنگلا پلی منڈل کے کے سی آر نگر کالونی میں پیش آیا۔پانِی پوری کھانے کے کچھ ہی دیر بعد بچوں میں پیٹ درد، قے، دست اور تیز بخار کی علامات ظاہر ہوئیں۔
صورتحال بگڑنے پر والدین نے بچوں کو فوری طور پر سرسلہ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا جہاں وہ اس وقت زیرِ علاج ہیں۔متاثرہ بچوں میں ریشکیش نامی ایک بچے کو تیز بخار کے ساتھ دورے (فِٹس) بھی پڑے جس سے گھر والے شدید پریشان کن صورتحال سے دوچار ہیں۔
باقی بچوں کی حالت فی الحال مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق ابتدائی طور پر یہ فوڈ پوائزننگ کا معاملہ ہو سکتا ہے تاہم اس بات کا بھی پتہ چلایا جارہا ہے کہ بچوں کی بیماری کی اصل وجہ صرف پانی پوری تھی
یا اس کے علاوہ کوئی اور سبب بھی موجود ہے۔طبی عملہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہا ہے۔



