تلنگانہ

تلنگانہ کے 190 اساتذہ کو غیر ملکی تعلیمی مطالعاتی دورے کا موقع – هر ضلع سے 4 تا 8 ٹیچرس کا ہوگا انتخاب

ریاست کے 190 اساتذہ کو دوسرے مرحلے میں غیر ملکی تعلیمی مطالعاتی دورے کا موقع

حیدرآباد: ریاستی حکومت نے تعلیمی معیار میں مزید بہتری لانے کے مقصد سے دوسرے مرحلے میں 190 اساتذہ کو بیرونِ ملک تعلیمی مطالعاتی دورے پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دورہ آئندہ ستمبر یا اکتوبر میں متوقع ہے۔

 

اسکول ایجوکیشن محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اساتذہ کے انتخاب کی ذمہ داری متعلقہ ضلع کلکٹروں کو سونپی گئی ہے۔ وہ جوائنٹ کلکٹروں اور ضلع تعلیمی افسران (DEOs) کے ساتھ مل کر شفاف انداز میں امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

 

محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر نوین نکولس نے ہدایت دی ہے کہ ہر ضلع سے 4 تا 8 اساتذہ منتخب کیے جائیں۔ مجموعی طور پر منتخب ہونے والے 190 اساتذہ میں 76 مرد اور 114 خواتین اساتذہ شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی برادریوں کی مناسب نمائندگی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

 

انتخاب کے لیے کم از کم 10 سالہ تدریسی تجربہ، 55 سال سے کم عمر، اسکول میں طلبہ کی تعداد، تدریسی کارکردگی، اختراعی طریقۂ تدریس اور مجموعی تعلیمی خدمات جیسے اہم معیار کو مدنظر رکھا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے مرحلے میں ریاست کے منتخب اساتذہ نے فن لینڈ کا مطالعاتی دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے جدید تعلیمی نظام، تدریسی حکمتِ عملی اور طلبہ پر مبنی تعلیم کے مختلف پہلوؤں کا مشاہدہ کیا۔ حکومت کو امید ہے کہ دوسرے مرحلے کے یہ اساتذہ بھی عالمی معیار کے تعلیمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ریاست کے سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button