ایک شخص مین ہول میں گر پڑا۔ حیدرآباد میں رات دیر گئے واقعہ

حیدرآباد:*l شہر کے علاقے میاں پور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کھلے مین ہول میں گرنے سے ایک شخص لاپتہ ہوگیا۔
یہ واقعہ منگل کی رات ویشالی نگر ریلوے انڈر پاس کے قریب پیش آیا۔ حکام کے مطابق لاپتہ شخص کی شناخت بالیا کے طور پر ہوئی ہے جو حفیظ پیٹ کے پریم نگر کا رہنے والا تھا۔
اطلاع ملتے ہی حیڈرا اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بالیا کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ویشالی نگر انڈر پاس کے قریب نالے کی مرمت کا کام جاری تھا اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ متوفی کے ارکان خاندان نے الزام لگایا ہے کہ کنٹراکٹر کی غفلت کے باعث بالیا نالے میں گر کر لاپتہ ہوا۔
انہوں نے سائبر آباد میونسپل حکام کی مبینہ لاپروائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ مرمتی کام کے باعث متعلقہ انڈر پاس کو گزشتہ چند دنوں سے بند رکھا گیا تھا۔
لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے۔ رات دیر گئے تک بھی اس کا پتہ نہیں چل سکا۔



