تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری، 6 اضلاع کے لئے اورنج الرٹ جاری – آج اور کل شدید بارش

حیدرآباد: شدید ہوا کے کم دباؤ کے باعث تلنگانہ میں وسیع پیمانے پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد مرکز کے عہدیداروں نے بتایا کہ آج اور کل ریاست کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
خاص طور پر شمالی، مغربی اور شمال مشرقی تلنگانہ کے اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ان اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے دیگر اضلاع میں ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ حیدرآباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہنمکنڈہ، بھوپال پلی، جگتیال، کریم نگر، پداپلی اور راجنا سرسلہ اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
اسی طرح عادل آباد، بھدرادری کتہ گوڑم، حیدرآباد، جنگاؤں، کاماریڈی، کھمم، کمرم بھیم آصف آباد، میڑچل ملکاجگیری، محبوب آباد، منچریال، میدک، مُلگو، سنگاریڈی، سدی پیٹ، سوریہ پیٹ، ورنگل اور یادادری بھونگیر اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔




