تلنگانہ

نارائن پیٹ فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعہ میں ملوث 20 افراد کی شناخت _ حالات پرامن ؛ آئی جی وی ستیہ نارائنا کی پریس کانفرنس

نارائن پیٹ : 19 ستمبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے نارائن پیٹ ضلع مستقر میں چہارشنبہ کی رات فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعہ میں ملوث 20 افراد کی شناخت کی گئی ہے

ملٹی زون 2 کے آئی جی وی ستیہ نارائنا نے جمعرات کو نارائن پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ آج نارائن پیٹ میں جلوس میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پر امن اختتام عمل میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات گنیش وسرجن اختتام کے ایک دن بعد جب عید میلاد النبی ﷺ کے ضمن میں جب جھنڈے لگائے جارہے تھے۔ تو اس پر تنازعہ پیدا ہوا ۔ اور چھوٹے سے واقعہ کو بڑا کرتے ہوئے دو طبقوں کے درمیان جھگڑے کا باعث بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سی سی کیمروں کے ذریعہ اس میں ملوث 20 سے زائد لوگوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے دونوں طبقات کے بڑے لوگوں کے صبر و تحمل کی ستائش کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے معاملات میں سوشیل میڈیا پر غیر ضروری اور نفرت کو ہوا دینے والے پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس پریس کانفرنس میں ملٹی، جوگولمبا گدوال زون-7 ایل ایس چوہان آئی پی ایس، ضلع ایس پی شری یوگیش گوتم آئی پی ایس، ناگر کرنول ایس پی گایکواڑ ویبھو آئی پی ایس۔ ٹی ایس ایس پی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر این وینکٹیشورلو دیگر نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ چہارشنبہ کی رات نارائن پیٹ ٹاؤن کے اولڈ بس اسٹینڈ چورہا پر میلاد جھنڈے کے تنازع پر دوطبقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی اور پتھراؤ ہوا جس کے نتیجے میں تقریباً تین گھنٹے تک ماحول کشیدہ رہا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کا سہارا لیا اور صورت حال پر قابو پالیا۔ نارائن پیٹ میں دیگر اضلاع سے پولیس فورس کو بڑے پیمانے پر تعینات کیا گیا اور حالات کو قابو میں لایا گیا۔ درایں اثناء ایس پی نارائن پیٹ یوگیش گوتم نے کہا کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں، براۓ مہربانی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور کسی بھی ناگہانی صورت میں پولیس کو اطلاع دیں۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ ٹاؤن میں میلاد النبیﷺ جلوس کی جھنڈیاں لگانے کو فرقہ وارانہ کشیدگی’ ہندو واہنی کے نوجوانوں نے غیرضروری تنازعہ پیدا کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں سے الجھ گئے اسی دوران دونوں گروہوں میں پتھراؤ ہوا ۔فوری طور پر پولیس مداخلت کرتے حالات کو قابو پانے کے لیے ہلکی طاقت کااستعمال کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کیا۔

نارائن پیٹ میں ماحول پرامن ہے حسب روایت میلاد النبیﷺ کا جلوس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جہاں پر نارائن پیٹ ضلع ایس پی یوگیش گوتم نے جلوس میں شرکت کرتے ہوئے راست نگرانی کی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button