کھمم کے رگھوناتھ پالم کے اقلیتی اقامتی اسکول برائے طالبات نمبر 1 میں مولانا ابوالکلام آزاد کی 136ویں یوم پیدائش

کھمم کے رگھوناتھاپالم منڈل میں موجود اقلیتی اقامتی اسکول برائے طالبات نمبر 1 میں امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کی 136ویں یوم پیدائش کے موقع پر "یوم اقلیتی بہبود اور یوم تعلیم” پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس تقریب میں معروف تعلیمی شخصیت اور مسلم حقوق احتجاجی سمیتی کے صدر، جناب محمد اسعد کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔
اپنے خطاب میں محمد اسعد نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کو صرف تعلیم ہی نہیں، بلکہ اخلاقیات کے زیور سے بھی آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلباء کی خفیہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں اور ان کی رہنمائی کریں تاکہ وہ تعلیمی میدان میں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ اسعد نے اساتذہ کو نصیحت کی کہ وہ دوران تدریس آسان طریقے اور مختلف مثالوں کے ذریعے طلباء کو تعلیم دینے کی اہمیت کو سمجھیں اور انہیں زندگی کے آداب سے بھی روشناس کرائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا آزاد کی شخصیت اور ان کے نظریات ہمارے لیے قابل تقلید ہیں اور اساتذہ کے اوپر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ آداب زندگی سے بھی روشناس کرائیں۔
اس موقع پر اقلیتی اقامتی اسکول کی طالبات نے بہترین ثقافتی پروگرام پیش کیا اور مہمانوں کو سلامی دی۔ تقریب کے آخر میں کھمم ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نرائنا اور اسکول کی پرنسپل محترمہ ارونا نے محمد اسعد کو ان کی تعلیمی، سیاسی، اور سماجی خدمات کے اعتراف میں شال اور گلدستہ پیش کیا۔