میرے بیٹے کو ہنی ٹریپ کی سازش کے تحت پھنسانے کی کوشش کی گئی – مرکزی وزیر بنڈی سنجے کا دعویٰ
کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر مملکت داخلہ بنڈی سنجے کمار کے دفتر تکی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے فرزند بنڈی سائی بھگیرتھ کو ’’ہنی ٹریپ‘‘ اور بھتہ خوری کے ایک مبینہ منصوبہ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
بیان کے مطابق ایک خاتون نے اپنی بیٹی کو استعمال کرتے ہوئے بنڈی سنجے کے بیٹے کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ میں پھنسانے کی کوشش کی اور بعد ازاں بھاری رقم طلب کرتے ہوئے بلیک میلنگ کا سہارا لیا۔ دعویٰ کیا گیا کہ معاملہ شدت اختیار کرنے پر بنڈی سائی بھگیرتھ نے کریم نگر پولیس سے رجوع کرتے ہوئے شکایت درج کروائی، جس میں کہا گیا کہ ان سے تقریباً 2 تا 3 کروڑ روپے وصول کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
بنڈی سنجے کے پی آر او کی جانب سے جاری بیان میں الزام لگایا گیا کہ خاتون اپنی بیٹی کی عمر کو غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے معاملہ کو پوکسو کیس کا رخ دینے کی کوشش کر رہی ہے، تاکہ میڈیا کے ذریعہ خوف و ہراس اور سنسنی پھیلائی جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مطلوبہ رقم حاصل نہ ہونے کے بعد خاتون نے اس معاملہ کو میڈیا میں اچھال کر تنازعہ کھڑا کیا، جبکہ اب یہ الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں کہ پورا ’’ہنی ٹریپ‘‘ معاملہ سیاسی اور مالی فائدہ حاصل کرنے کے مقصد سے رچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے اور شکایت کے بعد متعلقہ خاتون کی سرگرمیوں کے ساتھ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ آیا وہ ماضی میں بھی اس نوعیت کے معاملات میں ملوث رہی ہے یا نہیں۔



