مرتضی پہلوان کی تدفین میں بیرسٹر اسد الدین اویسی کی شرکت ۔ یہ "سیاسی مرڈر” ہے۔ صدر مجلس کا بیان

حیدرآباد: صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے الزام عائد کیا کہ سرگرم مجلسی کارکن محمد مرتضیٰ علی کا قتل ایک سیاسی قتل ہے۔محمد مرتضیٰ علی جو عوام میں مرتضیٰ پہلوان کے نام سے مشہور تھے
مجلس اتحاد المسلمین کے کارکن تھے۔23 نومبر کو حمایت ساگر روڈ کے قریب حملہ آوروں کے ایک گروہ نے ان پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا
’’حمایت ساگر میں مرتضیٰ پہلوان صاحب کو انتہائی دردناک اور بے رحمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ میں اپنی جانب سے اور اپنی جماعت مجلس اتحاد المسلمین کی طرف سے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔‘‘ بیرسٹراویسی نے الزام لگایا کہ اس قتل کے پیچھے بااثر لوگ ملوث ہیں اور مرتضیٰ پہلوان کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا’’وہ (مرتضیٰ پہلوان) معمول کی زندگی گزار رہے تھے اور پُرامن تھے جب ان کے ساتھ کوئی موجود نہیں تھا، تب حملہ آور وہاں پہنچے۔ اس قتل کے پیچھے یقیناً کوئی ماسٹر مائنڈ اور سازش کرنے والے افراد موجود ہیں۔ یہ محض قتل کا واقعہ نہیں بلکہ ایک سیاسی قتل ہے۔‘‘ صدر مجلس نے حیدرآباد میں مسلسل پیش آنے والے قتل کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ
ایسے جرائم کی تحقیقات اور روک تھام کے لیے ایک خصوصی پولیس ٹاسک فورس تشکیل دی جائے اور مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی عدالت قائم کی جائے تاکہ تمام مقدمات کا فیصلہ مقررہ وقت کے اندر کیا جاسکے۔ اسی دوران صدر مجلس نے مرتضیٰ پہلوان کی تدفین میں شرکت کی اور بہادرپورہ کے رکن اسمبلی
اور راجندر نگر کے انچارج محمد مبین کے ہمراہ مرحوم محمد مرتضیٰ علی کے گھر پہنچ کر ان کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور انھیں پرسہ دیا۔



