تلنگانہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ غریب خاندانوں کے لئے بڑی راحت – سرکاری خدمات کا حصول ہوگا آسان: محمد علی شبیر

حیدرآباد، 27 جولائی: تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ فیملی رجسٹر اور فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ متعارف کرانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوام دوست اور تاریخی انتظامی اصلاح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے غریب اور معاشی طور پر کمزور خاندانوں کو مختلف سرکاری محکموں میں بار بار متعدد دستاویزات پیش کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے ان پر پڑنے والا بوجھ نمایاں طور پر کم ہوگا۔
محمد علی شبیر نے محکمہ ریونیو کی جانب سے 25 جولائی کو جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 172 کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو اس اہم انتظامی اصلاح پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کانگریس حکومت کے شفاف، آسان اور عوام دوست طرز حکمرانی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 13 جولائی کو انہوں نے چیف منسٹر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کرناٹک کی طرز پر مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (PRC) جاری کرنے کی تجویز دی تھی تاکہ حقیقی رہائشیوں کو، خاص طور پر الیکشن کمیشن کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے دوران، دستاویزات سے متعلق مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ فیملی رجسٹر کا نیا نظام اس سے بھی وسیع انتظامی ضرورت کو پورا کرے گا، کیونکہ یہ فوڈ سکیورٹی کارڈ کے ڈیٹا کی بنیاد پر خاندانوں کا مستند ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کرے گا۔
شبیر علی نے کہا کہ غریب خاندان، بزرگ شہری، بیوائیں، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور اور دیگر کمزور طبقات کو سرکاری سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے اکثر خاندانی تعلقات ثابت کرنے میں دشواری پیش آتی ہے اور انہیں مختلف محکموں سے الگ الگ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے یا بار بار دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ فیملی رجسٹر ان تمام مشکلات کو بڑی حد تک ختم کرے گا، کیونکہ اس کے ذریعہ پورے خاندان کا ایک مستند سرکاری ریکارڈ دستیاب ہوگا۔ ان کے مطابق یہ اصلاح خاص طور پر غریب عوام کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگی، جنہیں پرانے ریکارڈ محفوظ رکھنے اور مختلف اداروں سے سرٹیفکیٹس حاصل کرنے میں سب سے زیادہ دشواری پیش آتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ میں خاندان کے سربراہ، تمام افراد، ان کے باہمی رشتے، عمر، جنس، آدھار کی تفصیلات اور پتہ جیسے معلومات فوڈ سکیورٹی کارڈ کے ڈیٹا کی بنیاد پر ڈیجیٹل طور پر تصدیق شدہ شکل میں شامل ہوں گی۔ تحصیلدار کی ڈیجیٹل منظوری کے بعد یہ سرٹیفکیٹ می سیوا مراکز کے ذریعہ جاری کیا جائے گا، جس سے مختلف سرکاری محکموں میں تصدیق کا عمل زیادہ شفاف، یکساں اور مؤثر ہوگا۔
شبیر علی نے کہا کہ اس نظام سے شہریوں کا وقت اور پیسہ دونوں بچیں گے، کیونکہ انہیں خاندانی تفصیلات ثابت کرنے کے لیے بار بار مختلف دستاویزات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ اہل خاندان مقررہ مدت کے اندر ڈیجیٹل دستخط شدہ فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، جس سے سرکاری خدمات تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
انہوں نے تلنگانہ فیملی رجسٹر کو ریاست میں ڈیجیٹل گورننس اور عوام دوست خدمات کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل پیدا ہوگا بلکہ عوامی خدمات کی فراہمی بھی مزید مؤثر اور تیز رفتار بنے گی۔
محمد علی شبیر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاح عام شہریوں کی زندگی آسان بنانے کے ساتھ ساتھ تلنگانہ میں ڈیجیٹل طرز حکمرانی کو بھی مزید مضبوط کرے گی۔



