تلنگانہ

تلنگانہ حکومت کا بروقت فیصلہ فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اعلان – صدر مجلس بیرسٹر اویسی کا خیرمقدم

حیدرآباد:ریاستی حکومت نے عوام کو فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے محکمہ ریونیو کی جانب سے 25 جولائی کو جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 172 میں اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے

تلنگانہ فیملی رجسٹر کا آغاز، می سیوا کے ذریعہ فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ جاری ہوگا

 

تلنگانہ حکومت نے شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے "تلنگانہ فیملی رجسٹر” قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت اب می سیوا (MeeSeva) پلیٹ فارم کے ذریعے فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

 

حکومت کے جاری کردہ احکامات کے مطابق فیملی رجسٹر ایک ریاستی سطح کا الیکٹرانک ریکارڈ ہوگا، جس میں خاندان کا راشن کارڈ نمبر (فیملی رجسٹر شناختی نمبر)، خاندان کے سربراہ کا نام، تمام افراد کے نام، ان کا سربراہ سے رشتہ، عمر، تاریخ پیدائش، جنس، آدھار نمبر اور مکمل پتہ درج ہوگا۔ یہ تمام معلومات محکمہ شہری رسد (سیول سپلائز) کے فوڈ سیکیورٹی (راشن کارڈ) ڈیٹا بیس سے حاصل کی جائیں گی۔

 

حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیملی رجسٹر یا اس سے جاری ہونے والا سرٹیفکیٹ صرف خاندان کی معلومات کا ریکارڈ ہوگا۔ اس سے کسی جائیداد پر ملکیت، قانونی وراثت یا کسی سرکاری اسکیم کے فوائد پر کوئی حق حاصل نہیں ہوگا۔

 

فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ کے لیے خاندان کا کوئی بھی بالغ رکن می سیوا مرکز، آن لائن پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے راشن کارڈ نمبر درج کرکے درخواست دے سکتا ہے۔ طے شدہ فیس کی ادائیگی کے بعد درخواست متعلقہ تحصیلدار کے پاس جائے گی، جو راشن کارڈ کے ریکارڈ سے جانچ کے بعد ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔

 

حکومت نے ہدایت دی ہے کہ تمام درخواستوں کا دو ورکنگ دنوں کے اندر تصفیہ کیا جائے۔ الیکٹرانک سروس ڈیلیوری (ESD) کمشنر کو می سیوا اور راشن کارڈ ڈیٹا بیس کے درمیان API انضمام مکمل کرنے جبکہ تمام ضلع کلکٹروں کو اس نئی سہولت کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

اسی دوران صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اور رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے می سیوا مراکز کے ذریعے فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے عوام بالخصوص غریب اور دستاویزات سے محروم افراد کو بڑا فائدہ ہوگا۔

 

بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر فہیم قریشی کے ساتھ مل کر حکومت کو اس سلسلے میں نمائندگی پیش کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے تحت قابل قبول 12 دستاویزات میں شامل ہے، اس لیے اگر جن افراد کو نوٹس موصول ہوئے ہیں وہ یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرلیں تو انہیں اپنی شہریت اور خاندانی تفصیلات کے ثبوت پیش کرنے میں آسانی ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ عوام اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں گے، کیونکہ اس سے خاص طور پر غریب اور ضروری دستاویزات سے محروم خاندانوں کو سرکاری کارروائیوں میں درپیش مشکلات کم ہوں گی۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اس بروقت اور عوامی مفاد کے فیصلے پر تلنگانہ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوام کی سہولت اور بہتر طرز حکمرانی کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button