تلنگانہ ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، حیدرا کمشنر رنگناتھ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایک اہم حکم جاری کرتے ہوئے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ حیدرا کے کمشنر اے وی رنگناتھ کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ آئی جی رینک کے اہل افیسر کا تقرر کیا جائے۔ عدالت نے رنگناتھ کے خلاف عدالتی احکامات کی خلاف ورزی سے متعلق 63 توہینِ عدالت مقدمات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے کہا کہ اگر بار بار عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افیسر کو عہدے پر برقرار رکھا گیا تو قانون کی حکمرانی متاثر ہوگی۔ بنچ نے سوال کیا کہ ایک ہی معاملے میں تین توہینِ عدالت کی درخواستیں دائر ہونا انتہائی سنگین بات ہے اور اس سے عدالتی احکامات کے تئیں لاپروائی ظاہر ہوتی ہے۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ خانگی جائیدادوں میں مداخلت نہ کرنے کے واضح عدالتی احکامات کے باوجود کارروائیاں کیوں کی گئیں؟ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی معمول بن چکی ہے؟ متاثرہ صرف درخواست گزار نہیں بلکہ خود عدالت ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ حکومت اور سرکاری افسران بھی قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔ پانی کے ذخائر، نالوں اور نہروں کے تحفظ کے نام پر خانگی اراضی میں مالک کی اجازت کے بغیر داخل ہونا کس قانون کے تحت جائز ہے؟ اگر مقصد سرکاری زمین کا تحفظ تھا تو خانگی شخص کے خلاف پولیس شکایت کیوں درج کی گئی؟ عدالت نے رنگناتھ کو متنبہ کیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔




