تلنگانہ

سابق وزیر پی اجئے کمار نے محمد تاج الدین کی میت کو کاندھا دیا، تدفین میں سینکڑوں افراد کی شرکت

کھمم:  تلنگانہ کے کھمم بی آر ایس کے ضلع اقلیتی صدر محمد تاج الدین کی آج کھمم میں نمازِ جنازہ اور تدفین عمل میں آئی۔ سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے جلوسِ جنازہ میں شرکت کرتے ہوئے مرحوم کی میت کو کاندھا دیا اور اس موقع پر آبدیدہ ہوگئے۔ محمد تاج الدین کے اچانک انتقال پر کھمم شہر اور متحدہ کھمم ضلع میں غم کی لہر برقرار ہے۔

 

محمد تاج الدین کا تین دن قبل 24 اگست کی رات تقریباً ایک بجے دل کا دورہ پڑنے سے 52 سال کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔ ان کے انتقال کی اطلاع عام ہوتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی و ملی تنظیموں کے قائدین اور عوام نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور گھٹیا سنٹر میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچ کر افراد خاندان سے تعزیت کی۔

 

آج مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم کے احاطے میں نمازِ جنازہ مولانا محمد سعید احمد قاسمی نے پڑھائی، جس میں متحدہ کھمم ضلع کے علماء، حفاظ، سیاسی و سماجی قائدین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کی تدفین مدرسے سے متصل موتی مسجد قبرستان میں عمل میں آئی۔

 

اس موقع پر سابق وزیر پی اجئے کمار نے کہا کہ محمد تاج الدین ان کے لیے بھائی کی مانند تھے اور ان کے انتقال سے بی آر ایس پارٹی نے کھمم ضلع میں ایک مخلص، محنتی اور متحرک قائد کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاج الدین مسلمانوں کے مسائل کے حل اور عوامی خدمت کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتے تھے۔

 

پی اجئے کمار نے مرحوم کے خاندان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اعلان کیا کہ محمد تاج الدین کی دختر، جو ممتا میڈیکل کالج میں بی ڈی ایس سال اول میں زیر تعلیم ہیں، کی مکمل تعلیم کا خرچ وہ خود برداشت کریں گے۔

 

تعزیت کرنے والوں میں سابق رکن اسمبلی کے. اوپیندر ریڈی، کھمم سٹی بی آر ایس صدر ناگراجو، ڈی سی سی بی بینک کے سابق چیئرمین کے. ناگابھوشنم، سابق کتب خانہ چیئرمین ضلع کھمم عزیز الحق قمر، بی آر ایس کارپوریٹرس، کھمم سٹی کانگریس صدر دیپک چودھری، پولیس کمشنر سنیل دت، مولانا محمد سعید احمد قاسمی، علماء و حفاظ اور مختلف سماجی و ملی تنظیموں کے ذمہ داران شامل تھے۔

 

مرحوم کے پسماندگان میں والد، اہلیہ، ایک فرزند اور ایک دختر شامل ہیں

متعلقہ خبریں

Back to top button