تلنگانہ

گورنر کی ہدایت پر وائس چانسلر کے خلاف 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل – خاتون پروفیسر کو جنسی ہراسانی کے الزامات پر 15 دن میں رپورٹ طلب

زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات، گورنر کی ہدایت پر چار رکنی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

 

حیدرآباد: پروفیسر جے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ ایگریکلچرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر آلڈاس جانیّا کے خلاف ایک خاتون پروفیسر کو جنسی ہراساں کرنے کے الزامات کے معاملے نے سنسنی پیدا کردی ہے۔ گورنر شیوشو پرتاپ شکلا نے اس معاملے کی جامع تحقیقات کی ہدایت دی ہے، جس کے بعد ریاستی حکومت نے چار رکنی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

 

ریاستی ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن کی ایم ڈی کے لکشمی کی صدارت میں قائم اس کمیٹی میں آئی اے ایس افسران گوپی اور راہول راج کے علاوہ پرجوالا رضاکارانہ تنظیم کی نمائندہ سنیتا کرشنن کو شامل کیا گیا ہے۔ حکومت نے کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کرتے ہوئے 15 دن کے اندر جامع رپورٹ پیش کرے اور متاثرہ خاتون پروفیسر کی سلامتی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

 

دوسری جانب متاثرہ خاتون پروفیسر نے افسوس ظاہر کیا کہ ڈی جی پی سے شکایت کئے ہوئے 15 دن گزرنے کے باوجود اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملزم وائس چانسلر کو حکومت کے بااثر افراد بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 

اس واقعہ کے خلاف یونیورسٹی میں طلبہ اور ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ گورنر کی مداخلت کے بعد حکومت کو تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے پر مجبور ہونا پڑا۔ ادھر ریاستی خواتین کمیشن نے بھی اس معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات میں تیزی پیدا کردی ہے۔ خواتین کمیشن نے وائس چانسلر آلڈاس جانیّا کو پوچھ گچھ کے لئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے، جس کے پیش نظر وہ آج کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button