جنرل نیوز

سینئر صحافی ملا شہاب الدین کی موتی نگر قبرستان میں تدفین، نمازِ جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت

محبوب نگر 11 نومبر (نامہ نگار) محبوب نگر کے ممتاز و سینئر صحافی اور روزنامہ ’’اعتماد‘‘ کے اسٹاف رپورٹر ملا شہاب الدین کا 11 نومبر کو حیدرآباد کے نمس (NIMS) ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 52 سال تھی۔ وہ عارضۂ قلب میں مبتلا تھے اور 10 نومبر کو ان کی اوپن ہارٹ سرجری کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی تھی، تاہم اگلے روز حرکتِ قلب سست ہونے کے باعث ان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کے انتقال کی خبر سے متحدہ ضلع محبوب نگر کے صحافتی، سیاسی، سماجی اور علمی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم ملا شہاب الدین نے 2005 میں روزنامہ ’’اعتماد‘‘ سے بطور ٹاؤن رپورٹر اپنے صحافتی سفر کا آغاز کیا تھا۔ تقریباً 21 سالہ صحافتی زندگی کے دوران انہوں نے اپنی دیانت داری، غیر جانب داری، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعہ نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے اسٹاف رپورٹر کے عہدے تک ترقی کی۔ جدید صحافت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل ’’FSIT News‘‘ بھی قائم کیا اور صحافتی خدمات کو ایک نئی جہت عطا کی۔ مرحوم ایک بااخلاق، ملنسار، بے باک، مخلص اور بااصول صحافی تھے۔ ان کی شائستہ گفتگو، نرم مزاجی، حلم و بردباری، متانت اور ہر ایک کی حوصلہ افزائی کرنے کا منفرد انداز ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اپنی صحافتی اور ذاتی زندگی میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے ایک باوقار شخصیت کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائی۔ ان کے سانحۂ ارتحال سے صحافتی برادری ایک مخلص اور باصلاحیت قلم کار سے محروم ہوگئی ہے۔ ریاستی مینارٹی فینانس کارپوریشن کے چیئرمین عبیداللہ کوتوال نے نمس ہاسپٹل پہنچ کر مرحوم کا آخری دیدار کیا۔ بعد ازاں ان کے جسدِ خاکی کو موتی نگر میں ان کے رشتہ دار سید صدیق حسین، نمائندہ کارپوریٹر، کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لیے رکھا گیا، جہاں علماء کرام، سیاسی و سماجی قائدین، مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں، عمائدینِ شہر اور متحدہ ضلع محبوب نگر کے صحافیوں کی بڑی تعداد نے پہنچ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر مقامی موتی مسجد میں ادا کی گئی، جس میں سینکڑوں سوگواروں نے شرکت کی۔ بعد ازاں نم آنکھوں کے ساتھ موتی نگر قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں اہلیہ اور تین دختران شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر کرتے ہوئے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ نیز جملہ پسماندگان اور متعلقین کو اس عظیم صدمے پر صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین مزید تفصیلات کے لیے سید صدیق کارپوریٹر 9110794900, محمد حسین 9885003887′ محمد جعفر 9985260039, سے ربط کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button