تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر اہم پیش رفت؛ پی آر سی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت

حیدراباد – تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ چیف سکریٹری نے دوسری پے ریویژن کمیشن (پی آر سی) سے اپنی رپورٹ جلد از جلد مکمل کرکے حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری نے دوسرے پی آر سی کے چیئرمین این۔ شیوشنکر کو خط لکھا ہے۔
دوسرے پے ریویژن کمیشن کی مقررہ مدت ختم ہونے کے پیش نظر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے پی آر سی نافذ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ ملازمین بقایا ڈی اے جاری کرنے اور پی آر سی رپورٹ کی بنیاد پر فٹمنٹ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ان مطالبات کو لے کر ملازمین کے احتجاج کے پیش نظر حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ اگر پی آر سی کمیشن جلد رپورٹ پیش کردے تو اس کی بنیاد پر ملازمین کی تنخواہوں میں نظرثانی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
کمیشن کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد فٹمنٹ اور تنخواہوں میں نظرثانی سے متعلق امور پر حکومت فیصلہ کرنے کا امکان ہے۔ اس پیش رفت سے سرکاری ملازمین میں ایک بار پھر تنخواہوں میں اضافہ کی امیدیں پیدا ہوگئی ہیں۔



