حیدرآباد میں شدید بارش _ کار اور موٹر بائیکس پانی میں بہہ گئیں _ آیندہ تین دن تک ان اضلاع میں بارش

حیدرآباد۔14جولائی (اردولیکس) اتوار کی شام شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر اتوار اچانک تیز بارش ہوئی۔ بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ جس سے شہر سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئی۔ کرشنا نگر میں بارش کے پانی سے موٹر بائیکس اور کار پانی میں بہہ گئیں۔
صبح سے ہی شہر میں موسم ابرآلود تھا اور دن بھر ہلکی بونداباندی کا سلسلہ بھی جاری تھا لیکن شام 5 بجے کے بعد اچانک بارش تیز ہوئی جو رات دیر گئے تک وقفہ وقفہ سے جاری رہی۔ شہر کے چندانگر، گچی باولی، مادھاپور، نظام پیٹ، پرگتی نگر، پٹن چیرو، رامچندراپورم، امین پور، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، فلم نگر، مہدی پٹنم، ٹولی چوکی، لکڑی کا پل، نامپلی اور پرانا شہر کے کئی مقامات پر بارش ہوئی۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے اطلاع دی کہ شہر حیدرآباد میں آئندہ دو دنوں تک بھاری بارش ہونے کے امکانات ہیں جب کہ اضلاع میں پانچ دنوں تک شدید سے شدید ترین بارش کے امکانات بتائے گئے
اضلاع نظام آباد، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی میں شدید بارش ہوسکتی ہے جب کہ عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل،جگتیال، سرسلہ، کریم نگر، پداپلی اور بھوپال پلی، ملگ، کتہ گوڑم، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل اور محبوب نگر میں بعض مقامات پر شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔