تلنگانہ

تلنگانہ بھر میں شدید بارش، گھروں میں پانی داخل،ندیاں نالے ابل پڑے، سڑکیں کٹ گئیں، آمدورفت متاثر۔ مزید بارش کی پیش قیاسی ایلو الرٹ جاری

حیدرآباد: شدید ہوا کے دباؤ کے اثرات کے باعث تلنگانہ بھر میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہےجس کے نتیجے میں ندیاں نالے اور تالاب لبریز ہو کر بہہ رہے ہیں۔ کئی مقامات پر بارش کی شدت سے سڑکیں بہہ گئی ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

 

آبی ذخائر بھر چکے ہیں اور پانی سے لبریز نظر آ رہے ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے کئی اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔تلنگانہ میں مسلسل شدید بارش اور سیلابی صورتحال نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ضلع جگتیال کے کورٹلہ حلقے میں رات سے موسلا دھار بارش جاری ہے۔ شدید بارش کے باعث پول واگو اور پداا واگو نالے لبریز ہو کر بہہ رہے ہیں۔ میٹ پلی اور کورٹلہ کے نشیبی علاقوں میں گندے پانی کی نالیاں بھر جانے سے سڑکیں زیرِ آب آ گئی ہیں۔

 

ضلع منچریال کے چننور منڈل کے قریب اکّے پلی گاؤں کے نزدیک نالہ ابل پڑاہے جس کے باعث اکّے پلی اور شیولنگاپور دیہات کے درمیان آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی ہے چونکہ یہ دیہاتیوں کی مرکزی سڑک ہے اس لیے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسی طرح کوٹہ پلی منڈل میں نکّلا پلی واگو میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔

 

لو لیول پل پر پانی چڑھ جانے سے آمد و رفت معطل ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں چار دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ حکام نے عوام کو خطرناک نالوں کو عبور نہ کرنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔ضلع مولگو کے مشہور بوگتھا آبشار میں بھی سیلابی پانی کا شدید ریلہ آ گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ محکمہ جنگلات کے سیکیورٹی اہلکار احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں اور سیاحوں کو آبشار کے اندر جانے سے منع کر رہے ہیں۔

 

ضلع منچریال کے بیلم پلی حلقے میں بھی رات سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ تاندور منڈل میں بھیمنا واگو نالہ طغیانی پر ہے جس سے قریبی دیہات کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ضلع کومرم بھیم کے تریانی علاقے میں منگل سے مسلسل شدید بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ تریانی منڈل میں 108.2 ملی میٹر بارش ہونے کے بعد نالے ابل پڑے ہیں جس کے باعث کئی دیہات کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ خاص طور پر مانکیہ پور، منگی اور آس پاس کے تقریباً 20 دیہات آمد و رفت سے محروم ہو گئے ہیں۔

 

اسی طرح روم پلی شیو گوڈا واگو میں بارش کے پانی سے سڑکیں مکمل طور پر زیرِ آب آ گئی ہیں اور حمل و نقل متاثر ہے۔حکام نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ انتہائی ضروری حالات کے علاوہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ندیوں، تالابوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں، پانی سے بھری ہوئی سڑکوں پر سفر نہ کریں اور بچوں کو اکیلے باہر نہ بھیجیں۔

 

دوسری جانب ضلع جگتیال کے ویلگاٹور منڈل میں بھی شدید بارشوں نے کئی دیہات کو متاثر کیا ہے۔ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ تالاب اور نہریں لبریز ہو چکی ہیں۔ گزشتہ رات سے جاری بارش کے باعثکئی دیہات میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button