جرائم و حادثات

حیدرآباد میں آؤٹر رنگ روڈ پر دلخراش حادثہ نوجوان لڑکا اور لڑکی ہلاک

حیدرآباد: شہر کے گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں آؤٹر رنگ روڈ پر پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان لڑکے اور لڑکی موت ہو گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار سوئفٹ کار سڑک کنارے کھڑے سیمنٹ ٹرک سے ٹکرا گئی۔

 

پولیس کے مطابق یادادری بھونگیر ضلع کے بومل رامارم منڈل کے مریال موضع سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ کتراؤت سریندر اور 19 سالہ پرنیتی ریڈی ایل بی نگر کے انشکاپور میں واقع ایک کالج میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل سریندر نے سوئفٹ کار خریدی تھی۔

 

پیر کی شام وہ بومّلا رامارم سے کار میں روانہ ہوا۔ منگل کی صبح اس نے کالج ہاسٹل کے قریب اپنی ساتھی طالبہ پرنیتی ریڈی کو سوار کرلیا۔شام تقریباً 5 بج کر 45 منٹ پر وٹے ناگولا پلی نیوپولس کے قریب آؤٹر رنگ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار سڑک پر کھڑے سیمنٹ ٹرک سے جا ٹکرائی۔

 

ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار ٹرک کے اندر گھس گئی اور اس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ سریندر اور پرنیتی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔حادثے کے بعد کرین کی مدد سے تباہ شدہ کار کو ہٹا کر دونوں لاشوں کو باہر نکالا گیا۔ پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے مبینہ طور پر رفع حاجت کے لیے لاپرواہی سے سڑک پر ٹرک کھڑا کیا تھا

 

اور حادثے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button