ڈاکٹر محمد مکرم کا مثالی اقدام -حساس حالت میں اہلیہ کی سرکاری دواخانہ میں آپریشن کیساتھ زچگی
سرکاری دواخانہ میں علاج خانگی دواخانوں سے بہتر ۔
ڈاکٹر محمد مکرم کا مثالی اقدام۔
حساس حالت میں اہلیہ کی سرکاری دواخانہ میں آپریشن کیساتھ زچگی – عوامی گوشوں سے ستائش ۔ مثالی ایوارڈ دینے کا مطالبہ
کورٹلہ 27/جولائی ( نیوز ) آج کے دور میں جہاں آئے دن سرکاری دواخانوں کی کارکردگی پر مختلف سوالیہ نشان لگائے جاتے ہیں اور علاج کیلئے سرکاری دواخانہ کے بدلے خانگی دواخانوں کو اہمیت دی جاتی ہے ایسے وقت میں سرکاری دواخانوں پر عوامی بھروسہ قائم کرنے اور پرائیویٹ اسپتالوں سے سرکاری دواخانہ علاج و معالجہ میں کسی سے کم نہیں یہ پیغام ہر شہری تک پہچانے کیلئے ماہر سرجن گورنمنٹ سیول ہاسپٹل جگتیال ڈاکٹر محمد مکرم نے اپنی اہلیہ صوفیہ مکرم کو زچگی سے قبل خون کی کمی کے باوجود وقت سے قبل لیبر پین آنے پر انتہائی حساسیت والی نازک حالت میں سرکاری دواخانہ جگتیال منتقل کیا اور وہاں ہائی ریسک آپریشن زچگی کروائی جس کے بعد زچہ اور بچہ (لڑکا) دونوں محفوظ اور صحتمند ہیں
ڈاکٹر مکرم نے بتایا کہ عوام میں سرکاری دواخانہ میں بہتر علاج نہ ہونے سے متعلق غلط فہمی دور کرنے کیلئے ہی یہ اقدام اٹھایا گیا ہے انہوں نے کہاکہ اس اقدام کے زریعہ عوام کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ سرکاری دواخانہ علاج کرنے میں کسی خانگی دواخانہ سے کم نہیں ہوتے انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر شیلجہ ماہر گائینو کالوجسٹ، ڈاکٹر تروملہ سینئر ریسیڈنٹ انچارج آئی۔سی۔یو، ڈاکٹر سائی ماہر اطفال، ڈاکٹر مہیش انستھیسیا، کی ٹیم نے انتہائی حساسیت والے موقع پر علاج کرتے ہوئے نمایاں خدمات انجام دیں جس پر ڈاکٹر مکرم نے ڈاکٹرس کی ٹیم اور بالخصوص آر۔ایم۔او ڈاکٹر نریش، اور ڈاکٹر سواروپا سے اظہار تشکر کیا۔
ڈاکٹر مکرم کے اس اقدام پر عوام کی جانب سے کافی ستائش کی جارہی ہے جبکہ محمد چاند پاشاہ سینئر صحافی و صدر ملت مسلم ویلفیئر سنگھم کورٹلہ نے اس اقدام کو عوام کیلئے بڑا مثالی اقدام قرار دیتے ہوئے ایسے مثالی اقدامات کرنے والے ڈاکٹر مکرم اور انکی اہلیہ صوفیہ مکرم کو ریاستی حکومت، ضلع کلکٹر جگتیال، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر اپنی جانب سے مثالی ایوارڈ سے نوازا جائے تاکہ سماج میں ایک مثال پیش کی جاسکے
واضح رہیکہ ڈاکٹر مکرم ولد محمد اختر اکاؤنٹنٹ، ڈاکٹر رضیہ خاتون قاضی پیٹ ورنگل کے فرزند ہیں اور ڈاکٹر محمد ہمایوں آرتھو سرجن، محمد مذکر یم۔بی۔اے کے بھائی ہیں جبکہ ڈاکٹر مکرم کے خسر صوفی شیخ حبیب قادری (صدر اہلسنت والجماعت کورٹلہ)، اور نسبتی برادرس میں صوفی شیخ فاروق احمد (الیکٹریکل انجینئر سعودی عرب)، صوفی شیخ محمد زیشان امام و خطیب مسجد صوفیہ صوفی چمن کورٹلہ ہیں دونوں افراد خاندان نے اس اقدام پر فخر کرتے ہوئے ڈاکٹر مکرم اور اہلیہ صوفیہ مکرم کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔



