تلنگانہ

نفرت انگیز بیانات پر راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کویتا کی ہدایت پر تلنگانہ جاگروتی کے وفد کی دفتر کمشنر پولیس میں باضابطہ شکایت

نفرت انگیز بیانات پر راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے

کویتا کی ہدایت پر تلنگانہ جاگروتی کے وفد کی دفتر کمشنر پولیس میں باضابطہ شکایت

 

 

تلنگانہ جاگروتی کے ایک وفد نے آج صدر تلنگانہ جاگروتی و سربراہ تلنگانہ رکشنا سینا کلواکنٹلہ کویتا کی ہدایت پر حیدرآباد کے کمشنر آفس پہنچ کر اشتعال انگیز اور نفرت انگیز بیانات دینے پر ملعون راجہ سنگھ (رکن اسمبلی گوشہ محل) کے خلاف باضابطہ شکایت درج کروائی۔

 

وفد نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں راجہ سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران مسلم خواتین کے خلاف نہایت نازیبا، توہین آمیز اور دل آزار الفاظ کا استعمال کیا جو نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ریاست کے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی ایک کھلی کوشش ہے۔ ایسے بیانات سماجی ہم آہنگی کو پارہ پارہ کرتے ہیں اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں۔

 

تلنگانہ جاگروتی کے مسلم قائدین نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کمشنر سجنار سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین معاملہ کو نظر انداز نہ کیا جائے اور فوری طور پر سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے راجہ سنگھ کو حراست میں لیا جائے تاکہ ریاست میں امن، بھائی چارہ اور قانون کی بالادستی برقرار رہ سکے۔

 

وفد نے واضح کیا کہ کسی بھی مذہب، خصوصاً خواتین کے خلاف اس طرح کی گھٹیا زبان ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر فوری کارروائی نہیں کی گئی تو عوام میں بے چینی بڑھ سکتی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ آخر میں وفد نے پرزور انداز میں کہا کہ تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ریاست میں امن و سکون قائم رہے اور ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button