ڈائل 100 کی جگہ اب 112، تلنگانہ میں نیا ایمرجنسی نظام شروع

تلنگانہ میں اب تمام ایمرجنسی خدمات کے لئے ایک ہی ایمرجنسی نمبر 112 نافذ کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے پرانے ڈائل 100 کی جگہ نیا نمبر 112 متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعہ پولیس، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی
۔حیدرآباد میں آج ڈی جی پی سی وی آنند نے نئے ایمرجنسی کال سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اب سڑک حادثات، جھگڑوں، ڈکیتیوں، ہراسانی اور دیگر ہنگامی حالات میں شہری صرف 112 پر کال کرکے فوری مدد حاصل کر سکیں گے
۔ڈی جی پی نے بتایا کہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے کال مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ 112 پر کال موصول ہوتے ہی اطلاع فوری طور پر متعلقہ قریبی پولیس اسٹیشن تک پہنچ جائے گی۔ یہ نئی ایمرجنسی سروس سال کے 365 دن، چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گی
۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی کال موصول ہوتے ہی کالر کی لوکیشن کا تعین کر کے قریبی پولیس، فائر اور دیگر ریسپانس ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا جائے گا۔ ڈی جی پی کے مطابق آنے والے دنوں میں تلنگانہ پولیس مصنوعی ذہانت کا استعمال مزید وسیع کرے گی۔




