راشن کے چاول حاصل کرنے کی آخری تاریخ بڑھا دی گئی!

حیدرآباد: محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے عوامی تقسیم کے نظام کے ذریعے غریبوں کو فراہم کیے جانے والے راشن کے چاول کی تقسیم کی آخری تاریخ اس ماہ کی 5 تاریخ تک بڑھا دئیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ موسمی حالات میں ال نینو کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے پہلے اعلان کیا تھا کہ اگست، ستمبر اور اکتوبر ان تینوں ماہ کا راشن کوٹہ ایک ہی مرتبہ میں 31 اگست تک تقسیم کیا جائے گا۔تاہم ایک ہی وقت میں تین ماہ کا راشن فراہم کیے جانے کی وجہ سے راشن کی دکانوں پر شدید ہجوم ہوگیا۔
دوسری جانب راکھی پورنیما کے تہوار کی تعطیلات کے باعث کئی مستحقین اپنے آبائی علاقوں کو چلے گئے جس کی وجہ سے وہ مقررہ مدت کے اندر مکمل راشن حاصل نہیں کر سکے۔ معلوم ہوا ہے کہ عوام کو پیش آنے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے محکمہ سیول سپلائز کے اعلیٰ حکام نے یہ فیصلہ کیا کہ کسی بھی مستحق کو نقصان نہ ہو اسی مقصد کے تحت راشن کی تقسیم کی مدت میں مزید پانچ دن کی توسیع کی گئی ہے۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اس ماہ کی 5 تاریخ کی شام تک تمام راشن کی دکانوں پر چاول کی تقسیم معمول کے مطابق جاری رہے گی۔جن اہل کارڈ ہولڈرس نے ابھی تک تین ماہ کا راشن کوٹہ حاصل نہیں کیا ہے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے
اندر اپنے قریبی راشن کی دکان پر جاکر چاول حاصل کرلیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔



