جنرل نیوز

تقریبات میں معیاری کھانے کا اہتمام جائز، لیکن اسراف اور رزق کا ضیاع شرعاً ممنوع ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری

تقریبات میں معیاری کھانے کا اہتمام جائز، لیکن اسراف اور رزق کا ضیاع شرعاً ممنوع ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری

قابلِ استعمال کھانے کو بلاوجہ پھینکنا نعمتِ الٰہی کی ناقدری اور ناشکری ہے، رزق کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے

 

حیدرآباد، 22 نومبر (پریس ریلیز):اسلام دینِ فطرت ہے، جس نے انسانی زندگی کے ہر شعبے میں اعتدال، میانہ روی، پاکیزگی اور حسنِ معاشرت کی تعلیم دی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کی قدر و منزلت، ان کا صحیح استعمال اور دوسروں تک ان سے فائدہ پہنچانا اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔ بالخصوص رزق اور خوراک ایسی عظیم نعمتیں ہیں جن کے حصول میں اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم شامل ہے۔ لہٰذا ان نعمتوں کی حفاظت، ان کا احترام اور انہیں ضائع ہونے سے بچانا ہر صاحبِ ایمان کی اخلاقی اور دینی ذمہ داری ہے۔

چیئرمین لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے آج مرکزی دفتر، بنجارہ ہلز، روڈ نمبر 12، حیدرآباد پر منعقدہ اجلاس بعنوان ’’عوامی مسائل کا حل احکامِ شریعت کی روشنی میں‘‘ میں عوام کی جانب سے پیش کردہ سوالات کے شرعی جوابات دیتے ہوئے کہا کہ شادی بیاہ، ولیمہ اور دیگر خوشی کی تقریبات میں مہمانوں کی عزت و تکریم کے لیے عمدہ، معیاری اور پاکیزہ کھانے کا اہتمام کرنا شرعاً جائز اور مہمان نوازی کے اسلامی جذبے کے عین مطابق ہے۔ تاہم اس اہتمام میں اسراف، فضول خرچی، ریاکاری، تفاخر اور نمود و نمائش کا عنصر شامل نہیں ہونا چاہیے۔ کھانے کی عمدگی اور معیار قابلِ تحسین ہے، لیکن محض لوگوں پر اپنی مالی حیثیت کا رعب جمانے کے لیے بے شمار پکوان تیار کرنا اور پھر انہیں ضائع کردینا اسلامی مزاج اور تعلیمات کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے کھانے پینے میں اعتدال کی واضح ہدایت دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:

وَكُلُوا وَاشْرَبُوا وَلَا تُسْرِفُوا ۚ إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُسْرِفِينَ۔

ترجمہ: کھاؤ اور پیو اور حد سے نہ بڑھو، بے شک اللہ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں فرماتا۔ (سورۃ الاعراف: 31)

مولانا صابر پاشا قادری نے کہا کہ اس قرآنی ارشاد میں انسانی زندگی کے لیے ایک جامع اصول بیان کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں سے فائدہ اٹھانا بھی چاہیے اور ان کے استعمال میں اعتدال کا دامن بھی ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اسلام نہ تو جائز خوشیوں اور عمدہ کھانے پینے سے منع کرتا ہے اور نہ ہی مہمان نوازی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، بلکہ اس کی تعلیم یہ ہے کہ خوشی کے مواقع پر بھی شکرگزاری، سادگی اور اعتدال برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں کھانا کھلانے کے بعد اگر بڑی مقدار میں کھانا باقی رہ جائے تو اسے معمولی سمجھ کر کوڑے دان میں ڈال دینا انتہائی افسوس ناک طرزِ عمل ہے۔ قابلِ استعمال کھانے کو بلاوجہ ضائع کرنا اسراف اور نعمتِ الٰہی کی ناقدری ہے۔ رزق اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ امانت اور نعمت ہے، اس لیے اس کا احترام ہر حال میں ضروری ہے۔ بعض لوگ اپنی تقریبات میں ضرورت سے زیادہ کھانا تیار کرواتے ہیں، لیکن اس کے بعد بچے ہوئے کھانے کو محفوظ کرنے یا مستحقین تک پہنچانے کا کوئی انتظام نہیں کرتے، جو معاشرتی بے حسی اور اسلامی تعلیمات سے غفلت کا مظہر ہے۔

انہوں نے حدیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے کھانے کے آداب سکھاتے ہوئے کھانے کا لقمہ گر جانے پر اسے صاف کرکے کھانے کی تعلیم دی اور اسے شیطان کے لیے نہ چھوڑنے کی ہدایت فرمائی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام کھانے کے معمولی حصے کو بھی ضائع کرنے کے بجائے اس کی حفاظت اور قدر کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ (صحیح مسلم)

مولانا موصوف نے کہا کہ تقریبات میں بچے ہوئے صاف اور قابلِ استعمال کھانے کو مناسب طریقے سے محفوظ کرکے غریبوں، مسکینوں، مستحق خاندانوں اور ضرورت مند افراد تک پہنچانے کا نظم کیا جانا چاہیے۔ اسی طرح کھانے کی مقدار کا تعین مہمانوں کی تعداد کے مطابق کیا جائے تاکہ غیر ضروری اضافی خوراک تیار نہ ہو۔ اگر کھانا انسانی استعمال کے قابل نہ رہے تو اسے مناسب طریقے سے تلف کیا جائے یا جہاں موزوں اور محفوظ ہو وہاں جانوروں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ البتہ خراب یا مضرِ صحت غذا کسی انسان یا جانور کو نہ دی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ رزق کی بے حرمتی اور اسراف سے بچنے کے لیے گھروں، شادی خانوں، ہوٹلوں، دعوتوں اور اجتماعی تقریبات کے منتظمین کو خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ کھانے کی پلیٹوں میں ضرورت سے زیادہ غذا لینے اور پھر اسے چھوڑ دینے کی عادت کی اصلاح بھی ضروری ہے۔ ہر فرد کو اپنی ضرورت کے مطابق کھانا لینا چاہیے اور دوسروں کو بھی رزق کی قدر و حفاظت کی ترغیب دینی چاہیے۔

آخر میں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے کہا کہ ایک صالح معاشرے کی پہچان صرف اس کی خوشحالی اور ظاہری شان و شوکت نہیں بلکہ اس کی اخلاقی اقدار، احساسِ ذمہ داری، سخاوت اور نعمتوں کے احترام سے بھی ہوتی ہے۔ ہمیں اپنی خوشیوں کو دوسروں کی بھوک مٹانے کا ذریعہ بنانا چاہیے، نہ کہ رزق کے ضیاع کا سبب۔ اگر تقریبات میں اعتدال، مہمان نوازی کے ساتھ مستحقین کی خبرگیری اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا احترام ملحوظ رکھا جائے تو معاشرے میں برکت، ہمدردی اور اخوت کے جذبات فروغ پاسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button