تلنگانہ

چیف منسٹر تلنگانہ کا دورہ امریکہ منسوخ!۔ مودی حکومت نے لگائی روک

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا دورۂ امریکہ منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مرکزی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث یہ دورہ منسوخ کیا گیا۔

 

ریونت ریڈی اس وقت لندن کے دورے پر ہیں۔ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق انہیں 23 اگست کو لندن سے امریکہ روانہ ہونا تھا تاہم اب وہ لندن سے ہی حیدرآباد واپس آئیں گے۔

 

وزرائے اعلیٰ کے بیرونِ ملک دوروں سے متعلق پروٹوکول کے تحت مرکزی وزارتِ خارجہ سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ریاستی حکومت نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے برطانیہ اور امریکہ کے دورے کے لیے کافی عرصہ قبل ہی مرکز کو خط لکھا تھا۔

 

تاہم وزارتِ خارجہ نے صرف برطانیہ کے دورے کی اجازت دی اور امریکہ کے دورے کی اجازت نہیں دی۔مرکزی حکومت کی جانب سے امریکہ کے دورے کی اجازت نہ دیے جانے پر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کی اجازت سیاسی وجوہات کی بنیاد پر مسترد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر دورہ روکنے کے فیصلے سے انہیں شدید حیرت ہوئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا

 

"مرکزی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی کو نافذ کرنا میرا مقصد ہے۔ تلنگانہ میں بہترین تعلیمی ادارے لانا میرا ہدف ہے۔ عالمی معیار کے اداروں کو تلنگانہ لانا ہی اس دورے کا واحد مقصد تھا۔ مجھے امید تھی کہ میرا بیرونِ ملک دورہ ’وکست بھارت‘ کی تعمیر میں معاون ثابت ہوگا۔

 

میرا یقین ہے کہ ملک کی تعمیر کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر سوچنا چاہیے۔”دوسری جانب وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ امریکہ کا دورہ جاری رکھا جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ تمام ایم او یوز (معاہداتِ مفاہمت) پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق برقرار رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button