وزیراعظم نریندر مودی سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات

نئی دہلی _ تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے جمعرات کو وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست سے متعلق مختلف مسائل کو پیش کیا۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ ریاست کی تقسیم کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے
۔ دہلی کے دورے کے دوسرے دن چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر نے جمعرات کو وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔ ریاست کی جانب سے زیر التوا بلوں اور فلاحی پروگراموں کے بارے میں تحریری یادداشت پیش کی ۔ بھٹی وکمارکا نے کہا کہ ہراج کے بغیر سنگارینی کوئلے کی کانیں سنگارینی کمپنی کو الاٹ کی جائیں اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے دفاعی اراضی دی جائے۔ریونت ریڈی نے کہا کہ الیکشن کے بعد ہم نے پوری توجہ ریاست کی ترقی پر مرکوز کی ہے۔وزیراعظم کو دی گئی
یادداشت میں یہ ذکر کیا گیا کہ ریاست کے لیے ریلوے کوچ فیکٹری، ہر ضلع کے لیے ایک نوودیا اور کستوربھا اسکولوں کے لیے آئی ٹی آئی آر پروجیکٹ کے لیے دوبارہ اجازت دی جائے۔ انہوں نے مرکز سے تلنگانہ میں منشیات کے خاتمے اور سائبر سیکورٹی میں تعاون کرنے کی درخواست کی۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر اعظم مودی سے کہا ہے کہ وہ ریاست کو 29 آئی پی ایس افسران مختص کریں۔
حیدرآباد میں ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز دئے جائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ انہوں نے مرکزی حکومت سے تلنگانہ کو 25 لاکھ مکانات مختص کرنے کی درخواست کی ہے