پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث تلنگانہ تحریک کی جہدکار کار رحیم النساء بیگم ہاسپٹل میں شریک – رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے عیادت کی
ہنمکنڈہ: تلنگانہ تحریک کے دوران عوام اور سماج کے لئے پیش پیش رہ کر جدوجہد کرنے والی ورنگل ضلع کی سماجی کارکن رحیم النساء بیگم پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث ہنمکنڈہ کے ایکشیلا ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ ان کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع ملنے پر ورنگل مغربی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے ہاسپٹل پہنچ کر ان کی عیادت کی۔
رکن اسمبلی نے ڈاکٹروں سے رحیم النساء بیگم کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بہتر علاج کے لئے ضروری تمام اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افراد خاندان کو حوصلہ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ علاج کے اخراجات کی فکر نہ کریں، بہتر طبی علاج فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور وہ ان کی صحت یابی کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ رحیم النساء بیگم نے اپنی زندگی خاندان کے ساتھ ساتھ عوام اور سماج کی خدمت کے لئے وقف کی ہے، اس لئے مشکل وقت میں ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افراد خاندان سے کہا کہ ’’آپ کے خاندان کے ساتھ میں ہوں، حوصلہ رکھیں۔‘‘
رکن اسمبلی نے رحیم النساء بیگم کی جلد صحت یابی اور مکمل صحت کے ساتھ گھر واپسی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔




