تلنگانہ

جماعت اسلامی ہندتلنگانہ کے ادارے برائٹ بگن کی جانب سے دو روزہ بزنس ا یکسپو۔2 کا کامیاب انعقاد

امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کے ہاتھوں افتتاح‘سابق ڈی جی پی ایس انوارالھدیٰ کی شرکت

سینکڑوں نوجوانوں نے استفادہ کیا ، صدر برائٹ بگن تلنگانہ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان کی جانب سے مندوبین کا خیر مقدم

تجارت کی جانب راغب ہونے علماء و دانشوروں کا نوجوانوں کو مشورہ ‘ ماہرین صنعت و تجارت کی جانب سے عملی رہنمائی

جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے قائم کردہ ادارہ برائٹ بگن کی جانب سے دو روزہ بزنس ایکسپو۔2 کا عظیم الشان پیمانے پر تاج فنکشن پیالیس‘ بنڈلہ گوڑہ حیدرآباد پر 13‘ 14 ا گسٹ بروز ہفتہ و اتوار انعقاد عمل میں آیا۔ محترم امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے اس ایکسپوکا افتتاح انجام دیا۔ سابق ڈی جی پی ایس انوارالھدیٰ اور جناب محمد نصیرالدین جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ‘ جناب عبدالقدیر‘ چیرمین شاہین گروپ افتتاحی تقریب کے موقع پر موجود تھے۔

 

اس دوروزہ عظیم الشان ایکسپو میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست وبیرون ریاست کے کئی مقامات سے دلچسپی رکھنے والے افراد (مردوخواتین) نے استفادہ کیا۔ اس موقع پر سمینار‘ سمپوزیم‘ مباحثہ اور تقاریر بھی ہوئیں جس سے ماہرین صنعت و تجارت نے اظہار خیال کیا۔ افتتاحی اجلاس کے موقع پرامیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمدخان نے کہا کہ مسلم نوجوان اپنی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے صنعت و حرفت میں اپنا مقام پیدا کریں اور تجارت کو اپنا نصب العین بنائیں کیونکہ یہ ہماری کھوئی ہوئی میراث ہے۔ وہ دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے خود اپنے اندرخود اعتماد ی و انحصاری پیدا کریں۔ مولانا نے کہا کہ ملازمت کے بجائے کاروبار کو ترجیح دیں۔ جناب ایس اے ھدیٰ سابق ڈی جی پی متحدہ آندھراپردیش نے اس طرح کی کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر برائٹ بگن کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ جناب ڈاکٹر شیخ محمد عثمان صدر برائٹ بگن تلنگانہ نے تمام مندوبین اور مہمانان کا اس دو روزہ ایکسپو میں خیر مقدم کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ چار ماہ قبل بھی حیدرآباد میں بزنس ایکسپو۔1 منعقد کیا گیا تھا جو کافی کامیاب رہااس کے مقابلہ میں ایکسپو۔2 میں عوام نے مزید دلچسپی اورسنجیدگی کے ساتھ اس ایکسپو میں شرکت کی اور اپنے بہترین تاثرات پیش کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم نوجوان تجارت کے میدان میں آگے بڑھیں اور محنت و جستجو کے ذریعہ اپنے خوابوں کی دنیا آباد کریں۔ وہ ملک کے وسائل میں اپنا حصہ ادا کریں۔

 

اس ایکسپو میں سو سے زائد تاجرین نے اسٹالس لگائے اور اپنے کامیاب تجربات شیئر کیے۔ جناب مسعود صہیب‘ جناب محمدکلیم الدین‘جناب سید منیر الدین، جناب میرعبا س علی جناب‘ جناب امیر الدین‘ جناب بابا محی الدین‘ جناب عبد المحی قمر ‘جناب مقصود ہاشمی،جناب عبد القدیر،جناب عبد العظیم ودیگر رفقاء نے انتظامات میں حصہ لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button