دبئی حادثے کے متاثرین کے لئے یو اے ای کے تاجر ڈاکٹر شمشیر ویالیل نے کھول دیا خزانہ -2.6کروڑ روپے امداد کا اعلان
دبئی سڑک حادثہ: یو اے ای کے معروف تاجر کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 2.6 کروڑ روپے امداد کا اعلان

حادثہ میں جگتیال ضلع کے نملی کنڈہ سے تعلق رکھنے والے جاں بحق سید سلیم کا غم زدہ خاندان
جدہ، 10 جون (؛عرفان محمد) دبئی کی ایمریٹس روڈ پر پیش آئے المناک سڑک حادثے میں 7 ہندوستانی ورکرس کی ہلاکت کے بعد متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے یو اے ای کے معروف این آر آئی تاجر، مخیر شخصیت اور برجیل ہولڈنگز کے چیئرمین و سی ای او ڈاکٹر شمشیر ویالیل نے 2.6 کروڑ روپے کے انسانی امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
حادثے میں فوت ہونے والے سات افراد میں تلنگانہ کے ضلع جگتیال سے تعلق رکھنے والے تین ورکرس بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر شمشیر ویالیل نے بتایا کہ مرنے والے ہر فرد کے خاندان کو 26 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، جبکہ زخمی ہونے والے 9 افراد کی طبی اور بحالی ضروریات کے لئے مجموعی طور پر 47 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے افراد کے ہنگامی سفر اور رہائش کے اخراجات کے لئے 18 لاکھ روپے اور متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے 13 لاکھ روپے کی اضافی امداد کا بھی اعلان کیا۔
ڈاکٹر شمشیر ویالیل نے کہا کہ ان کا اس امداد سے کوئی کاروباری یا سیاسی مفاد وابستہ نہیں ہے بلکہ وہ صرف ضرورت مند اور غمزدہ خاندانوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قونصل خانے اور متعلقہ حکام کے تعاون سے امدادی رقم براہ راست متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے گی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ ان محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اپنے اہل خانہ کی بہتر زندگی کے لئے وطن سے دور رہ کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مالی امداد جانوں کے نقصان کا متبادل نہیں بن سکتی، لیکن امید ہے کہ یہ مدد غمزدہ خاندانوں کے لئے لیے کچھ سہارا ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شمشیر ویالیل اس سے قبل بھی مختلف سانحات میں متاثرہ افراد کی مدد کرتے رہے ہیں۔ احمد آباد میں ایئر انڈیا طیارہ حادثے کے بعد بھی انہوں نے جاں بحق اور زخمی میڈیکل طلبہ کے خاندانوں کے لیے 6 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی تھی۔



