نیشنل

کرناٹک کے انتخابی نتائج پر مسرت کا اظہار‘ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو مبارکباد

مسلمانوں کے متحدہ ووٹ کی حکمت عملی فرقہ پرست حکومت کے خاتمہ کا سبب۔ تعمیر ملت کا ردعمل

 

حیدرآباد۔14/مئی (پریس نوٹ) کل ہند مجلس تعمیر ملت کے قائدین نے کرناٹک کے انتخابی نتائج پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو مبارکباد دی جنہوں نے متحدہ طور پردانشمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے فرقہ پرست حکومت کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کیا اور یہ ثابت کردیا کہ مسلم ووٹ اگر متحدہ ہوجائیں تو حکومت کا تختہ بھی الٹ سکتے ہیں اور اگر جس پارٹی کے حق میں بھی ان کے ووٹ استعمال ہوں تو اس پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح ملک کی جن ریاستوں میں جوبھی انتخابات ہوں اس میں مسلم ووٹرس منصوبہ بندی کے ذریعہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے ووٹ کو تقسیم ہونے سے بچانے میں کامیاب ہوجائیں تو وہ دن دور نہیں کہ ملک کی صورتحال بدل جائے اور فرقہ پرست ذہنیت کی حامل بی جے پی حکومت کا صفایاہوجائے۔کرناٹک کے انتخابات میں کچھ دنوں پہلے حجاب اور انتخابی مہم کے دوران مسلم تحفظات کا مسئلہ پر بی جے پی کی سیاست سے مسلمان پریشان تھے جنہوں نے صحیح وقت پر فرقہ پرست قائدین کوجو سبق سکھایا وہ قابل ستائش ہے کرناٹک کے انتخابات میں مسلمانوں نے مسلم تحفظات کی برخواستگی‘ حجاب پر پابندی‘ ٹیپو سلطان‘ گاؤکشی پر امتناع کے علاوہ پاپولر فرنٹ کے نام پر مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں کے پیش نظرجس انداز میں بی جے پی کو شکست سے دو چار کرنے کی حکمت عملی تیار کی وہ بھی لائق تحسین ہے۔کرناٹک کے مسلمانوں نے ان انتخابی نتائج کے ذریعہ ملک کی دیگر ریاستوں کے دلتوں و مسلمانوں کو جو پیغام دیا وہ مسلمانوں کی سیاسی حیثیت اور ان کے وجودکی برقراری کا احساس ہے جوزعفرانی ذہنیت کے حامل عناصر کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم ووٹوں کو تقسیم سے بچانے اور ان کے درست استعمال کی حکمت عملی کو مختلف ریاستوں میں منعقد ہونے والے آئندہ انتخابات میں بھی اپنائیں اور زمینی سطح پر کام کرتے ہوئے مسلم ووٹ کو بادشاہ گر موقف کا حامل بنایا جائے تاکہ مسلم ووٹوں کو تقسیم سے بچانے مدد مل سکے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button